جہانگیر ترین گروپ کی وزیر اعظم سے ملاقات طے

وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے 33 اراکین پر مشتمل گروپ میں سے اکثریت کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان منگل کے روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رکن جہانگیر خان ترین کے ہم خیال رفقاء سے ملاقات کریں گے لیکن اس ملاقات سے صرف ایک روز قبل وزیراعظم پاکستان نے گذشتہ روز ملتان کے دورے کے دوران جنوبی پنجاب کے لیے 30 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا تھا اور جنوبی پنجاب سیکریٹیریٹ کا سنگ بنیاد بھی رکھا تھا۔

آج ہونے والی ملاقات میں جہانگیر ترین شریک نہیں ہوں گے۔ وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے 33 اراکین پر مشتمل گروپ میں سے اکثریت کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے۔ ہم خیال رفقاء میں 11 اراکین قومی اسمبلی اور 22 اراکین صوبائی اسمبلی شامل ہیں۔ ملاقات میں اراکین جہانگیرترین کیس کے ساتھ ساتھ دیگر تحفظات سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کریں گے۔

یہ بھی پڑھیے

خیبرپختونخوا کے وزیر صحت کے خلاف کارروائی

دوسری جانب جہانگیر ترین نے وزیراعظم سے ملاقات سے قبل ہم خیال ساتھیوں کی بیٹھک بلالی ہے۔ ان کے گھر پر ہونے والی بیٹھک میں وزیراعظم سے ہونے والی ملاقات سے قبل ڈرافٹ تیار کیا جائے گا۔ جہانگیر ترین گروپ کی وزیراعظم سے 4 بجے ملاقات ہوگی۔

ذرائع کے مطابق راجا ریاض، وفاقی وزیر صاحبزادہ محبوب سلطان، ایم این اے غلام بی بی بھروانہ، سمیع گیلانی، ریاض مزاری، خواجہ شیراز، مبین انور، جاوید وڑائچ، غلام لالی،فیض الحسن شاہ اور ایم این اے صاحبزادہ امیر سلطان بھی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرنے والوں میں شامل ہونگے۔

پنجاب کے صوبائی وزراء نعمان لنگڑیال، اجمل چیمہ بھی وزیراعظم سے ملاقات میں جہانگیر ترین گروپ کی نمائندگی کریں گے جبکہ صوبائی مشیران عبدالحئی دستی، امیر محمد خان، رفاقت گیلانی، فیصل جبوانہ وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات کرنے والوں میں رکن صوبائی اسمبلی خرم لغاری، اسلم بھروانہ، نذیر چوہان، آصف مجید، بلاول وڑائچ، عمر آفتاب، طاہر رندھاوا، زوار وڑائچ، نذیر بلوچ، عمر تنویر بٹ، امین چوہدری، چوہدری افتخار گوندل، غلام رسول سانگھا، قاسم لنگھا، سعید اکبر نوانی، سلمان نعیم شامل ہونگے۔

وزیراعظم جہانگیر ترین ملاقات
Dawn

وزیراعظم عمران خان نے اپنے 26 اپریل کے دورہ ملتان کے دوران کسانوں میں کسان کارڈ تقسیم کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی تھی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے جنوبی پنجاب کے مختلف منصوبوں کے لیے 30 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا بھی اعلان کیا تھا۔

جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آج اپنے منشور کے ایک اور وعدے کی تکمیل کردی ہے۔ منصوبے پر 3 ارب 54 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے سیاسی جدوجہد کی طویل جنگ لڑی ہے، ماضی کے حکمرانوں نے جنوبی پنجاب سے ووٹ لیے، ترقیاتی کام نہیں کیے، ان لوگوں سے کہتا ہوں دیکھیں جنوبی پنجاب کا خواب حقیقت کا روپ دھار رہا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جہانگیر ترین اور ہم خیال اراکین کا نام لیے  بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لائن کھینچ دو، اُدھر ہوجاؤ یا اِدھر ہوجاؤ، یہ تیتر بٹیر نہیں چلے گا۔ کارکنان اس بات پر دھیان نہ دیں کہ چار ایم این ایز یا ایم پی ایز بگڑ گئے ہیں۔

متعلقہ تحاریر