فرخ حبیب کا سیاسی سفر سیاستدانوں کے لیے مشعل راہ

فرخ حبیب 2018 میں پی ٹی آئی کے فیصل آباد سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔

حکومت نے فرخ حبیب کو وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مقرر کردیا ہے۔ فرخ حبیب کئی سیاسی عروج و زوال دیکھ کر اس مقام تک پہنچے ہیں اور ملک کے دیگر سیاستدانوں کے لیے مشعل راہ بن گئے۔

فرخ حبیب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے فیصل آباد سے قومی اسمبلی کے رکن ہیں جو 2018 میں منتخب ہوئے تھے۔ وہ آج وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات کا حلف اٹھائیں گے اور حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوگی۔

یہ بھی پڑھیے

پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے فرخ حبیب کو وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات بننے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ فرخ حبیب اس تعیناتی کے مستحق تھے۔

فواد چوہدری کے ٹوئٹ کے جواب میں غریدہ فاروقی، حسن نثار اور شفاء یوسفزئی سمیت میڈیا انڈسٹری کی کئی معروف شخصیات نے بھی فرخ حبیب کو مبارکباد پیش کی ہے۔

فرخ حبیب پاکستان تحریک انصاف کے وہ رہنما ہیں جنہوں نے اپنی جماعت سے کبھی بغاوت نہیں کی اور ہمیشہ میڈیا پر صرف پی ٹی آئی کی ہی نمائندگی کرتے ہوئے نظر آئے ہیں۔ وہ تحریک انصاف کی طلبہ تنظیم انصاف اسٹوڈنٹ فیڈریشن (آئی ایس ایف) کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔

27 ستمبر 2018 کو وزیر اعظم عمران خان نے فرخ حبیب کو وفاقی پارلیمانی سیکریٹری برائے ریلویز مقرر کیا تھا۔ جبکہ بدھ کے روز یعنی 28 اپریل 2021 کو وزیر اعظم عمران خان نے انہیں وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مقرر کیا ہے۔

ایک وقت ایسا بھی تھا کہ جب آج پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں میں شمار ہونے والے فرخ حبیب کو سیاسی حلقوں میں کوئی نہیں جانتا تھا۔ انہوں نے ملکی سیاست میں کئی نشیب و فراز کا سامنا کیا۔ کئی سالوں کی انتھک محنت، اپنی جماعت سے وفاداری اور خدمت کے بعد آج ملک کے ایک اہم عہدے کے لیے مقرر ہو کر فرخ حبیب سیاستدانوں کے لیے مشعل راہ بن گئے ہیں۔

اگر یہ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا کہ فرخ حبیب پی ٹی آئی کے وہ رہنما ہیں جنہیں تحریک انصاف نے پیدا کیا اور بڑا کیا۔ کیونکہ تحریک انصاف میں اکثریت ایسے رہنماؤں کی ہے جو کسی دوسری جماعت سے تحریک انصاف میں شامل ہوئے ہیں۔

متعلقہ تحاریر