کراچی میں گرمی کی لہر، شہری لاک ڈاؤن میں ساحل سمندر پر

محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان تاؤتے کے سبب کراچی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے اور درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے جس کے سبب شہری لاک ڈاؤن کو نظرانداز کرتے ہوئے ساحل سمندر پر پہنچ گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے روز شہر قائد کا درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ آج بھی درجہ حرارت 43 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

کراچی میں گرمی کی لہر سے ستائے ہوئے شہری تفریحی مقامات پر لاک ڈاؤن کے فیصلے کو پس پشت ڈالتے ہوئے ساحل سمندر پر پہنچ گئے اور لہروں سے لطف اندوز ہوتے رہے۔

یہ بھی پڑھیے

سیاسی ہوں یا طبی، فیصلے عدالتوں میں

محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل سردار سرفراز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سمندری طوفان تاؤتے کے سبب کراچی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے جس کی وجہ سے درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ تاؤتے سے کراچی کی ساحلی پٹیاں محفوظ ہیں اور طوفان کا رخ انڈیا کے شہر گجرات کی طرف ہوچکا ہے جو کراچی سے 800 کلومیٹر دور ہے۔ جبکہ طوفان دور ہونے کی وجہ سے کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

سردار سرفراز نے مزید کہا کہ پیر کے روز بھی طوفان کے اثرات کے باعث موسم گرم رہا تاہم آج شدید گرم رہنے کی توقع ہے۔ آج درجہ حرارت 44 سے 45 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب کراچی میں 2015 کے بعد گرم ترین رات رہی۔ 8 مئی 2015 کو رات میں کم سے کم درجہ حرارت 34 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا اور گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت 32.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔

کراچی گرمی لہر
Geo.Tv

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج صبح کے وقت کم سے کم درجہ حرارت 32 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ پیر کے روز کم سے کم درجہ حرارت 28 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اس وقت شہر کی ہوا میں نمی کا تناسب 25 فیصد ہے اور شمال مشرق سے گرم اور خشک ہوائیں چل رہی ہیں۔

دوسری جانب طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری بلاوجہ دھوپ میں جانے سے گریز کریں اور اگر جانا ضروری ہو تو سر کو ڈھانپ کر نکلیں۔ شہری پانی اور ٹھنڈے مشروبات کا استعمال معمول سے زیادہ کریں۔

5 روز قبل محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں 15 سے 17 مئی کے درمیان گرمی کی شدت میں اضافے کی پیشگوئی کی تھی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ گرمی کی نئی لہر میں دن کے وقت درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے۔

متعلقہ تحاریر