کراچی کے علاقے کلفٹن کا اندھا موڑ

کراچی کے علاقے کلفٹن شون سرکل پر غیرقانونی تشہیر کی جارہی ہے اور بڑے بڑے بل بورڈز لگا کر اس مقام کو اندھا موڑ بنادیا گیا ہے۔

پاکستان کے صوبہ سندھ کے سب سے بڑے شہر کراچی کے علاقے کلفٹن کی ایک مصروف سڑک پر غیرقانونی تشہیر کر کے اندھا موڑ بنادیا گیا ہے۔

کراچی کے علاقے کلفٹن شون سرکل پر غیرقانونی تشہیر کی جارہی ہے اور بڑے بڑے بل بورڈز لگا کر اس مقام کو اندھا موڑ بنادیا گیا ہے۔ یہ بل بورڈز اس انداز میں لگائے گئے ہیں کہ کلفٹن شون سرکل سے 3 تلوار کی جانب جانے والی سڑک اور اس سے متصل شاہراہ سے آنے والے ٹریفک کو دوسری سمت کا ٹریفک نظر نہیں آتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی میں گرمی کی لہر، شہری لاک ڈاؤن میں ساحل سمندر پر

اطلاعات ہیں کہ کلفٹن شون سرکل پر ان بل بورڈز کے باعث اب تک کئی معمولی حادثات پیش آچکے ہیں تاہم اگر انہیں ہٹایا نہیں گیا تو بڑے ٹریفک حادثے کا بھی خدشہ ہے۔

رکشہ ڈرائیورز نے نیوز 360 سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’دونوں اطراف سے ٹریفک آرہا ہے جس کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے اور ٹریفک حادثے کا خدشہ بھی ہے۔ پہلے ہی شہر میں ٹریفک حادثات ہوتے تھے جو اب ان بل بورڈز کی وجہ سے مزید بڑھ جائیں گے۔ تشہیری ادارے کو اپنے مفاد کے ساتھ عوام کو پیش آنے والی پریشانیوں کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے۔‘

نیوز 360 سے گفتگو کے دوران شہریوں نے گزارش کی ہے کہ کم از کم ان بل بورڈز کا وہ حصہ ہی ہٹادیا جائے جو دو سڑکوں کے ملاپ پر لگایا گیا ہے تاکہ ڈرائیورز کو دوسری سمت سے آنے والی ٹریفک نظر آئے اور حادثات کے امکانات کم ہوں۔

گذشتہ برس اکتوبر میں سندھ ہائی کورٹ نے کراچی میں بل بورڈز سے متعلق  سپریم کورٹ کے احکامات کو برقرار رکھا تھا اور سرکاری عمارتوں سے بل بورڈ ہٹانے کا حکم دیا تھا۔ ساتھ ہی عدالت نے ریمارکس دیے تھے کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر تمام کنٹونمنٹ بورڈز اور پرائیویٹ سیکٹر بھی عملدرآمد کریں۔

جبکہ سنیچر کے روز سندھ حکومت نے سمندری طوفان کے پیش نظر شہر قائد سے بل بورڈز ہٹانے کا حکم دیا تھا لیکن حکومتی احکامات کے باوجود بل بورڈز لگے رہے۔

متعلقہ تحاریر