کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر اسکول سیل، پرنسپل گرفتار

پرنسپل نے پابندی کے باوجود ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسکول کھول رکھا تھا جہاں اساتذہ کلاسز میں پڑھائی کروا رہے تھے۔

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے چمکنی میں نجی اسکول کو سیل کر کے پرنسپل کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پشاور کے علاقے چمکنی میں ضلعی انتظامیہ نے کرونا کی وباء سے بچاؤ کے ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر حرا ہائی اسکول میں چھاپہ مارا ہے۔ پرنسپل نے پابندی کے باوجود ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسکول کھول رکھا تھا جہاں اساتذہ کلاسز میں پڑھائی کروا رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی کا سرکاری اسکول جہاں داخلے کے لیے قطار لگتی ہے

ضلعی انتظامیہ کی ٹیم نے حرا ہائی اسکول کو سیل کرتے ہوئے اسکول کے پرنسپل کو گرفتار کرلیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود کا کہنا ہے کہ ’کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر محمد اظہر خان نے کارروائی کی ہے۔ پابندی کے باوجود حرا ہائی اسکول میں طلباء کو روزانہ بلایا جارہا تھا۔ اسکول انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔‘

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ’پشاور میں اسکول انتظامیہ حکومتی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کریں کیونکہ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔‘

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق جن اضلاع میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 5 فیصد سے کم ہو وہاں تعلیمی ادارے 24 مئی کو کھل جائیں گے لیکن پشاور میں اس وقت کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 10 فیصد ہے۔

متعلقہ تحاریر