ارشد خان ’چائے والا‘ کے مستقبل کے کیا ارادے ہیں؟

ارشد خان ’چائے والا‘ مری میں بھی اپنا دوسرا ہوٹل کھولنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے مردان سے تعلق رکھنے والے ارشد خان اپنی ایک تصویر اور خوبصورت آنکھوں کی وجہ سے راتوں رات مشہور ہوئے جنہیں ’چائے والا‘ کے نام سے پہچانا جانے لگا ہے۔ آج ان کی شہرت کے ڈنکے پاکستان سے نکل کر دیگر ممالک میں بھی بج رہے ہیں۔

نیوز 360 سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد خان نے کہا کہ ان کی دن رات کی محنت نے آج انہیں صلہ دے دیا ہے اور برینڈ کی لانچ کے بعد اب ان کے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں۔ وہ اس وقت پاکستان میں مختلف اداروں کے برانڈ ایمبیسڈر ہیں اور مری میں بھی اپنا دوسرا ہوٹل کھولنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

فیضان شیخ کبھی اداکار نہیں بننا چاہتے تھے

انہوں نے کہا کہ پہلے وہ خود چائے بنا کر گاہکوں کو پیش کرتے تھے اور اب ان کے ویٹر یہ کام کرتے ہیں جو ان کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

چند برس قبل صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع مردان سے روزگار کے لیے ہجرت کرنے والے ارشد خان کی جب مقامی صحافی نے تصویر بنا کر سوشل میڈیا پر ڈالی تو کسی کو گمان بھی نہیں تھا کہ وائرل ہونے والی یہ تصویر ارشد خان کی زندگی بدل دے گی۔ سوشل میڈیا پر ایک تصویر نے ارشد خان کو شہرت کی ایسی بلندی پر پہنچایا کہ ڈھابے سے اپنے چائے کے برینڈ کیفے اور اب برطانیہ میں ماسٹر چائے کیفے کے لیے بھی ارشد خان نے باقاعدہ کام کا آغاز کردیا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویر

ارشد خان کے مطابق بیرون ممالک کام کر کے جہاں وہ کامیابی سمیٹ رہے ہیں وہیں اس سے پاکستان کا نام بھی روشن ہورہا ہے۔ 23 سالہ ارشد خان پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام اباد میں ایک ڈھابے پر چائے بنایا کرتے تھے۔ آج وہ نہ صرف کامیاب کاروباری شخصیت ہیں بلکہ شوبز میں بھی مختلف منصوبوں کا حصہ ہیں۔ جبکہ مختلف اداروں کے ساتھ برینڈ ایمبیسڈر کے طور پر بھی ارشد خان کی کامیابی کا سفر رکا نہیں ہے۔

پہلے یومیہ 400 سے 500 روپے کمانے والے ارشد خان اب اسلام اباد میں کیفے چائے والا کے نام سے اپنا کاروبار چلا رہے ہیں جس کے لیے انہوں نے تمام تر انتظامات کافی حد تک روایتی رکھے ہیں۔

متعلقہ تحاریر