لیاری ایکسپریس وے کا غیرقانونی واٹر ہائیڈرنٹ پھر پانی اگلنے لگا

وزیر بلدیات سندھ کی ہدایت پر اینٹی واٹر تھیفٹ سیل نے لیاری ایکسپریس وے کے غیرقانونی واٹر ہائیڈرنٹ کو 15 روز قبل منہدم کیا تھا۔

پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں غیرقانونی واٹر ہائیڈرنٹس مافیا ایک مرتبہ پھر سے متحرک ہوگیا ہے۔ لیاری ایکسپریس وے پر قائم غیرقانونی واٹر ہائیڈرنٹ سے پانی کا چشمہ پھوٹ پڑا ہے۔ اینٹی واٹر تھیفٹ سیل کراچی نے 15 روز قبل غیرقانونی واٹر ہائیڈرنٹ کو مسمار کیا تھا۔

رواں برس 18 مئی کو وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کی نگرانی میں اینٹی واٹر تھیفٹ سیل کراچی نے لیاری ایکسپریس وے پر لسبیلہ پل کے نیچے کارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی واٹر ہائیڈرنٹ کو منہدم کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر سرکاری سرپرستی میں چلنے والے لیاری ایکسپریس وے کے غیرقانونی واٹر ہائیڈرنٹ سے کئی کلو میٹر طویل لائنز سے سائٹ کے انڈسٹریل ایریا کو پانی کی فراہمی جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کیا شہباز شریف کو این آر او مل گیا؟

ترجمان واٹر بورڈ کراچی کے مطابق بدھ کے روز اینٹی واٹر تھیفٹ سیل نے انچارج راشد صدیقی کی نگرانی میں کارروائی کرتے ہوئے واٹر ہائیڈرنٹ کو مسمار کر کے مشینری اور دیگر سامان ضبط کرلیا تھا۔ جبکہ ملزمان کے خلاف پاک کالونی، گارڈن اور سولجر بازار میں مقدمات درج کیے گئے تھے۔

لیاری ایکسپریس واٹر ہائیڈرنٹ

یاد رہے کہ 18 مئی کی کارروائی کے بعد صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے پانی چوروں کی ممکنہ سرپرستی کرنے والے سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا۔ جس کے بعد سے پانی چور مافیا کے سرپرست سرکاری افسران اور اہلکاروں کی فہرست تیار کی جارہی ہے۔

26 مئی کو قومی احتساب بیورو (نیب) کراچی کے حکام نے شہر کے تمام اضلاع کے سینئر سپریٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پیز) سے غیرقانونی واٹر ہائیڈرنٹس کی تفصیلات طلب کی تھیں۔

نیب نے کراچی واٹر بورڈ کے اینٹی تھیفٹ سیل سے بھی معلومات طلب کی تھیں جس پر واٹر بورڈ اینٹی تھیفٹ سیل کے حکام نے غیرقانونی ہائیڈرنٹس اور ملوث افراد کی معلومات نیب کو جمع کروائی تھیں۔ رپورٹ میں واٹر بورڈ اینٹی تھیفٹ سیل کے متعلقہ پولیس تھانوں اور واٹر مافیا کے ساتھ گٹھ جوڑ کا بھی انکشاف کیا گیا تھا۔

لیاری ایکسپریس واٹر ہائیڈرنٹ

وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کی ہدایت پر رواں سال 24 اپریل کو اینٹی واٹر تھیفٹ سیل کے اہلکاروں نے انچارج راشد صدیقی کی سربراہی میں کراچی کے علاقے ڈیفنس ویو میں اقراء یونیورسٹی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے گھر میں قائم غیرقانونی واٹر ہائیڈرنٹ کو بھی منہدم کیا تھا۔

متعلقہ تحاریر