سکھر پولیس ٹریننگ سینٹر میں ایس او پیز کی خلاف ورزیاں

تربیتی سینٹر کی ایک کلاس میں 50 اہلکار تربیت لینے پر مجبور ہیں۔

عوام سے کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کا شکوہ کرنے والی سندھ حکومت محکمہ پولیس کی غفلت پر خاموش ہے۔ صوبہ سندھ کے شہر سکھر کے پولیس ٹریننگ سینٹر میں کھلے عام کرونا ایس او پیز کی دھجیاں اڑا دی گئیں۔

ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز میں کمی دیکھی جارہی ہے لیکن عوام اور عوامی خدمت پر مامور اداروں کی جانب سے کی جانے والی لاپرواہی صورتحال خراب بھی کرسکتی ہے۔

سکھر میں محکمہ پولیس نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے احکامات کو پیروں تلے روند دیا۔ کرونا وائرس کے باعث شہر کے تعلیمی ادارے بند ہیں لیکن حیران کن طور پر سکھر کے علاقے سعید آباد میں قائم پولیس ٹریننگ سینٹر میں افسران و اہلکاروں کی 6 سے 10 گھنٹے تک کی ٹریننگ کا سلسلہ جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیے

دکانداروں، پولیس اور عوام کی لاک ڈاؤن کی خلاف ورزیاں

ٹریننگ سینٹر کی ایک کلاس میں 50 اہلکار تربیت لینے پر مجبور ہیں۔ سونے پر سہاگہ کلاس میں کرونا ایس او پیز کو بھی کسی خاطر میں نہیں لایا جارہا ہے جس کی وجہ سے 2 سب انسپکٹر ٹریننگ کے دوران کرونا کا شکار ہوگئے ہیں۔ دیگر پولیس اہکاروں کی زندگیاں بھی داؤ پر لگ گئی ہیں مگر اس کے باوجود محکمہ پولیس کے افسران کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی۔

سینٹر میں مجموعی طور پر 3 کلاسز میں 150 سے زائد اہلکاروں کو تربیتی کورسز کرائے جارہے ہیں جن میں سہ ماہی تفتیشی کورس، لوور اور اپر اسکول کورس اور اے ایس آئی پروفیشنلز کورس شامل ہیں۔

متعلقہ تحاریر