کراچی کے بعد اسلام آباد پولیس کا بھی سائیکل پٹرولنگ کا آغاز
سائیکل پٹرولنگ یونٹ 10 سائیکل سواروں پر، اور ہر پٹرولنگ دستہ 2 سائیکل سوار اہلکاروں پر مشتمل ہوگا۔

پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس نے سائیکل پٹرولنگ یونٹ کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔
اسلام آباد کی حفاظت کے لیے انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) قاضی جمیل الرحمان نے اے ایس پی آمنہ بیگ کے ساتھ مل کر سائیکل پٹرولنگ یونٹ اعلان کیا ہے۔ 10 سائیکل سواروں پر مشتمل یونٹ میں ہر ممبر کو مختلف سیکٹرز میں گشت کرنے، رہائشیوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم کرنے اور جرائم کے واقعات پر قابو پانے میں مدد کے لیے خصوصی تربیت اور تمام سہولیات دی گئیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیے
اسلام آباد میں ریورس وینڈنگ مشین متعارف
ہر پٹرولنگ دستہ 2 سائیکل سوار اہلکاروں پر مشتمل ہوگا اور اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے ساتھ شہریوں کی مدد بھی کرے گا۔ سائیکل سوار دستہ مختلف سیکٹرز، مارکیٹوں اور شاپنگ پلازوں میں گشت کرے گا۔
ٹریفک پولیس حکام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ اقدام خواتین ملازمین کو ہراساں کرنے سے متعلق شکایات کے نتیجے میں اٹھایا گیا ہے۔ سائیکل اسکواڈ کا اقدام پولیس اور شہریوں کے درمیان فرق کو بھی ختم کرے گا۔
اس سلسلے میں اسلام آباد کے آئی جی پی قاضی جمیل الرحمان نے سائیکلنگ کے ماہرین کے ساتھ شہر کی حفاظت کے لیے جدید پولیسنگ سروس ڈیزائن کی ہے۔ پولیس سائیکل اسکواڈ غلط پارکنگ اور دیگر مسائل کی بھی دیکھ بھال کرے گا۔
A step towards modern policing 🚴🏻♂️🚨 pic.twitter.com/GpBWgzPZPr
— Syed Mustafa Tanweer PSP (@syedmustafapsp) June 12, 2021
واضح رہے کہ رواں برس اپریل میں کراچی ٹریفک پولیس نے بھی ٹریفک جام کے مسائل پر قابو پانے کے لیے سائیکل پٹرولنگ سروس کا آغاز کیا تھا۔