کراچی میں جعلی ویب چینل کے جعلی نمائندے گرفتار

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کورنگی اور لانڈھی میں قائم پان اور سگریٹ کے کیبنز سے بھتہ وصولی کرتے تھے۔

کراچی میں پولیس نے کورنگی اور لانڈھی میں جعلی ویب چینل کے جعلی میڈیا نمائندوں کو پان اور سگریٹ کے کیبنز سے بھتہ لیتے ہوئے گرفتار کرلیا ہے۔

کراچی کے علاقے کورنگی کی مشہور سڑک کازوے پر قائم پان اور سگریٹ کے کیبنز مالکان کافی عرصے سے جعلی ویب چینل کے جعلی نمائندوں سے پریشان تھے۔ کیبنز مالکان نے غوروفکر کے بعد قانون ہاتھ میں لینے کے بجائے کراچی پولیس کو جعلی نمائندوں کی سرگرمیوں سے متعلق اطلاع دینے اور شکایت درج کرنے کا فیصلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیے

سوشل میڈیا پر صحافیوں کی لڑائیاں عام ہونے لگیں

منگل کے روز جعلی ویب چینل کے جعلی نمائندے دوبارہ بھتہ لینے کے لیے کورنگی کازوے پر پہنچے تو کیبنز مالکان نے انہیں پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔

کراچی جعلی ویب چینل

کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں کافی عرصے سے جعلی ویب چینلز اور ڈمی اخبارات کے نمائندوں کی جانب سے بھتہ وصولی کی شکایات موصول ہورہی تھی تاہم معاملہ حساس ہونے کی وجہ سے احتیاط سے کام لیا۔ تمام ہوم ورک مکمل کرنے کے بعد کیبنز مالکان کے تعاون سے جعلی نمائندوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے ایک ویب چینل کے جعلی کارڈز بنا رکھے تھے جن کا استعمال ملزمان کیبنز مالکان کو ڈرانے دھمکانے اور رقوم کی وصولی کے لیے کرتے تھے۔

پولیس کے مطابق کورنگی کازوے اور انڈسٹریل ایریا سے گرفتار ہونے والے جعلی نمائندوں میں رحمان، سرفراز جمالی، ساجد اور وقاص شامل ہیں جن سے جعلی کارڈز برآمد کرلیے گئے ہیں۔ دوران تفتیش ملزمان نے کورنگی انڈسٹریل ایریا، کازوے اور لانڈھی کے مختلف علاقوں سے بھتہ لینے کا اعتراف کیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ امید ہے کہ اس سلسلے میں مزید گرفتاریاں عمل میں آسکتی ہیں۔ ان گرفتاریوں کے بعد اعلیٰ حکام نے لانڈھی اور کورنگی سمیت کراچی کے مختلف علاقوں میں جعلی میڈیا نمائندگان کے خلاف تحقیقات شروع کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔

متعلقہ تحاریر