74 مرتبہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑی پکڑ لی گئی

گاڑی کے مالک پر 36 ہزار روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کیا جاچکا ہے۔

لاہور میں ٹریفک پولیس نے 74 مرتبہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے گاڑی کے مالک کو دن میں تارے دکھاتے ہوئے گاڑی کے کاغذات ضبط کرلیے ہیں۔

لاہور میں چالان نادہندہ گاڑیوں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ اس دوران ٹریفک پولیس نے ایک ایسی گاڑی کے کاغذات ضبط کرلیے ہیں جس پر اب تک 36 ہزار روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کیا جاچکا ہے۔ ٹریفک پولیس کی اطلاعات کے مطابق گاڑی ایک نائجیرین شہری کے زیر استعمال تھی جس نے 74 مرتبہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی۔

چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور منتظر مہدی کا کہنا ہے کہ گاڑی کا ڈرائیور 43 مرتبہ ٹریفک سگنل، 28 مرتبہ اوور اسپیڈنگ اور 3 مرتبہ ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی کرچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

سکھر پولیس ٹریننگ سینٹر میں ایس او پیز کی خلاف ورزیاں

واضح رہے کہ لاہور میں ٹریفک پولیس اور سیف سٹی کی مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں۔ خصوصی مہم میں پولیس کی 17 ٹیمیں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں۔ چالان نہ بھرنے والے گاڑیوں کے مالکان کے خلاف ایکشن لیا جارہا ہے۔ شہر میں اب تک 20 ہزار سے زیادہ گاڑیوں کے کاغذات کو قبضے میں لیا جاچکا ہے۔

سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ ڈیوائسز کی مدد سے ای چالان نادہندہ گاڑیوں کا پتہ لگانا آسان ہے۔ انہوں نے شہریوں کو ٹریفک قوانین کا احترام کرنے کی ہدایت کی ہے۔

متعلقہ تحاریر