پولیس مظلوم ساس کو تلاش کرنے میں کامیاب

چند روز قبل سوشل میڈیا پر خاتون کے اپنی ساس پر تشدد کرنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔

کراچی میں پولیس نے بہو کا تشدد برداشت کرنے والی ساس کو تلاش کرلیا۔ ضعیف خاتون نے بہو کے خلاف قانونی چارہ جوئی سے انکار کردیا ہے۔

پاکستان میں غربت، بے روزگاری اور بڑھتی ہوئی بدامنی نے لوگوں کے مزاج میں تلخی بھردی ہے۔ لین دین کے معاملات ہوں یا سڑکوں پر پیش آنے والے معمولی حادثات، لوگ فوراً مرنے مارنے پر تل جاتے ہیں۔ اب تو گھروں میں بھی بزرگ خواتین کی بچوں کو ڈانٹ ڈپٹ والدین کو بری لگنے لگی ہے۔

ساس اور بہو کے جھگڑے تقریباً ہر دوسرے گھر میں ہوتے ہیں لیکن کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 15 کی رہائشی خاتون کے بہیمانہ تشدد نے پولیس کو بھی ایکشن لینے پر مجبور کردیا۔ جوہر آباد پولیس نے گھر میں تشدد برداشت کرنے والی ساس کو تلاش کرلیا اور گھر پہنچ کر ان سے بیان بھی لے لیا۔ پولیس کے مطابق ضعیف خاتون اپنی بہو کے خلاف قانون کارروائی نہیں کرانا چاہتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

انصاف مانگنے والے باپ سے فرش دھلوایا گیا

پولیس کو تفتیش کرنے پر معلوم ہوا کہ جھگڑا ضعیف خاتون کے اپنی پوتی کو ڈاٹنے پر شروع ہوا تھا۔ پولیس جب گھر پہنچی تو ساس کو تشدد کا نشانہ بنانے والی بہو سامنے نہیں آئی لہٰذا پولیس نے تشدد کرنے والی خاتون کو تھانے آنے کے لیے پابند کردیا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل سوشل میڈیا پر خاتون کی اپنی ساس کو تشدد کرنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔ ویڈیو تشدد کرنے والی خاتون کی بھتیجی نے بنائی تھی۔

کراچی میں ساس پر ظلم و ستم کرنے کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے پہلے بھی کراچی کے علاقے کلفٹن میں بہو نے شوہر کی غیرموجودگی میں ضعیف العمر ساس کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

متعلقہ تحاریر