کیا پاکستان کا اگلا وزیراعظم بھی کوئی نیازی ہوگا؟

ڈاکٹر معظم نیازی نے خود کو پاکستان کے مستقبل کا وزیراعظم قرار دیا ہے۔

پاکستان امن لیگ کے چیئرمین ڈاکٹر معظم نیازی نے بظاہر وزیراعظم ہاؤس کے اندر پہنچ کر اپنی تصویر جاری کردی ہے۔

فیصل آباد سے سامنے آنے والی سیاسی جماعت پاکستان امن لیگ کے سربراہ ڈاکٹر معظم نیازی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ایک تصویر جاری کی ہے جس میں بظاہر انہیں وزیراعظم ہاؤس کے اندر موجود دیکھا جاسکتا ہے۔

تصویر کے ساتھ انہوں نے خود کو عظیم سائنسدان قرار دیتے ہوئے پاکستان کے مستقبل کا وزیراعظم کہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

نواز شریف کی آج شام پاکستان واپسی؟

2017 میں اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ڈاکٹر معظم نیازی نے خود کا موازنہ موجودہ وزیراعظم عمران خان سے کیا تھا۔ اس موازنے میں کہا گیا تھا کہ ’عمران خان کھیلوں کے میدان کے جبکہ ڈاکٹر معظم نیازی طبی میدان کے قومی ہیرو ہیں۔‘

اس موازنے میں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں بھی بتایا تھا کہ انہوں نے ’ابھی تک شادی نہیں کی۔‘

تاہم اب انہوں نے آئندہ انتخابات سے قبل اپنا موازنہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز سے کیا ہے۔ انہوں نے عوام سے سوال کیا ہے کہ وہ اب کس کو وزیراعظم دیکھنا چاہیں گے؟

پاکستان میں انتخابات سے قبل سیاسی جماعتیں بڑے بڑے دعوے کرتی ہیں جن میں سے کچھ وعدے پورے ہوتے ہیں اور بیشتر وعدے وفا نہیں ہو پاتے۔ گزشتہ انتخابات سے قبل ٹوئٹر پر ڈاکٹر معظم نیازی نے اپنی سیاسی جماعت کی تشہیر زور و شور سے چلائی تھی اور پوری قوم کو پیٹرول اور چینی مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ان کا دعویٰ تھا کہ شوگر کے مریض بھی ہماری چینی جتنی چاہیں استعمال کریں، ان کا شوگر لیول نہیں بڑھے گا۔

دھواں دھار تقریر میں انہوں نے کہا تھا کہ ہم عرب کی تیل کی حکمرانی ختم کردیں گے اور ایک وقت ایسا آئے گا کہ پاکستان پوری دنیا پر تیل کی حکمرانی کرے گا۔

اپنی ایک ٹوئٹ میں بھی انہوں نے قوم کو مفت پیٹرول اور چینی فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ انتخابات میں ان کے مضبوط امیدوار کھڑے ہیں اور ان کی جماعت کلین سوئپ کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امن لیگ ملک کی بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئے گی۔

ایک اور ٹوئٹ میں ڈاکٹر معظم نیازی نے کہا تھا کہ فیصل آباد میں 45 ایکڑ پر محیط 5 ہزار بیڈز پر مشتمل عالمی معیار کے اسپتال کی تعمیر شروع کردی ہے۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے عوام سے چندے کی بھی اپیل کی تھی۔

متعلقہ تحاریر