عاصمہ رانی کے بھائی کو مجاہد آفریدی کی سزائے موت نہ ہونے کا خدشہ

محمد عمران کا کہنا ہے کہ ملزم شاہ زیب کو بھی سزا ہونی چاہیئے کیونکہ قتل کی سازش میں وہ بھی ملوث تھا۔

پشاور کی مقامی عدالت نے ایم بی بی ایس کی طالبہ عاصمہ رانی کو قتل کرنے والے ملزم مجاہد آفریدی کو سزائے موت سنادی۔ عاصم رانی کے بھائی نے فیصلے پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا ہے۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پشاور نے عاصمہ رانی قتل کیس کے مرکزی مجرم مجاہد آفریدی کو سزائے موت کا حکم سنایا جبکہ ملزم شاہ زیب اور صادق کو بری کردیا گیا۔

نیوز 360 سے خصوصی گفتگو میں عاصمہ رانی کے بھائی نے کہا کہ اکثر کیسز میں سزائے موت سنائے جانے کے بعد معاملہ اپیل میں چلا جاتا ہے اور کچھ عرصے بعد ملزمان بری ہوجاتے ہیں۔ محمد عمران نے نیوز 360 کو بتایا کہ وہ مجاہد آفریدی کے کچھ عرصے بعد بری ہونے کے حوالے سے تشویش کا شکار ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

اٹلی میں 18 سالہ لڑکی کا غیرت کے نام پر قتل؟

محمد عمران نے مزید کہا کہ ملزم شاہ زیب کو بھی سزا ہونی چاہیئے کیونکہ قتل کی سازش میں وہ بھی سہولت کار تھا۔ عاصمہ رانی کے بھائی نے کہا کہ وہ اس حوالے سے ہائیکورٹ میں اپیل کریں گے۔

دوسری جانب عاصمہ کی بہن صفیہ نے عدالتی فیصلے کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اطمینان کا اظہار کیا۔

کوہاٹ سے تعلق رکھنے والی عاصمہ رانی کو رشتے سے انکار پر جنوری 2018 کو قتل کیا گیا تھا۔ عاصمہ رانی کے بھائی کے مطابق مجاہد آفریدی ان کی بہن کا رشتہ مانگنے آئے تھے لیکن وہ پہلے سے شادی شدہ بھی تھے اس لیے ان کے خاندان نے رشتے سے انکار کیا تھا۔

واضح رہے کہ عاصمہ رانی فائرنگ کے بعد جب اسپتال میں تھیں تو انہوں نے مجاہد آفریدی کا نام لیا تھا۔ عاصمہ رانی کی وہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوئی تھی۔

متعلقہ تحاریر