نئے پنجاب میں سستی سبزی بیچنا جرم

اسپیشل مجسٹریٹ چوہدری کاشف بشیر نے سبزی فروش وقاص مجید کے خلاف مقدمہ درج کرادیا۔

نئے پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقے رائیونڈ میں سستی سبزی بیچنا جرم بن گیا۔ اسپیشل مجسٹریٹ چوہدری کاشف بشیر نے سستی سبزی فروخت کرنے پر سبزی فروش وقاص مجید کے خلاف تھانہ رائیونڈ میں مقدمہ درج کرادیا۔

لاہور میں الٹی کنگا بہنے لگی۔ مہنگی سبزی بیچنے پر مقدمات کا درج ہونا معمول کی بات سمجھا جاتا ہے مگر سستی سبزی بیچنے پر مقدمہ اپنی نوعیت کا انوکھا مقدمہ ہے۔ ہوا کچھ یوں کہ اسپیشل مجسٹریٹ نے نرخ کا معائنہ کرنے کے لیے اڈہ پلاٹ رائیونڈ روڈ کا دورہ کیا تو سبزی فروش سرکاری ریٹ لسٹ سے کم قیمت پر سبزی فروخت کررہا تھا۔ بس یہ دیکھنا تھا کہ تھانہ رائیونڈ میں اسپیشل مجسٹریٹ درجہ اول کی مدعیت میں سبزی فروش کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

سستی سبزی بیچنا جرم

یہ بھی پڑھیے

پیپلز پارٹی کے گڑھ میں سڑکوں کی ابتر حالت

ایف آئی آر کے متن کے مطابق سبزی فروش بھنڈی 95 کے بجائے 73 روپے فی کلو، ٹماٹر 50 کے بجائے 25 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کررہا تھا۔ بینگن 60 کے بجائے 52 روپے فی کلو، کریلے 90 کے بجائے 52 روپے فی کلو اور پیاز 40 کے بجائے 33 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کی جارہی تھی۔

دوسری جانب اسپیشل مجسٹریٹ چوہدری کاشف بشیر کا کہنا ہے کہ مقدمے میں قیمتیں لکھنے میں غلطی ہوئی، سبزی فروش وقاض مجید کو مہنگے داموں سبزیاں فروخت کرنے پر ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا ہے۔ کل ایف آئی آر کا متن تبدیل کرادیں گے۔

چوہدری کاشف بشیر کی وضاحت کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے اسپیشل مجسٹریٹ کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ صارفین کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کراتے ہوئے ایک سبزی کے نرخ میں فرق ہوسکتا تھا مگر مقدمے میں درج تمام سبزیوں کے نرخ غلط لکھے گئے ہیں۔

سبزی فروش وقاص مجید نے نیوز 360 سے گفتگو میں کہا کہ وہ عوام کی سہولت کے لیے سبزی ہول سیل ریٹ پر فروخت کررہا تھا، کیا معلوم تھا کہ نئے پنجاب میں سستی سبزی بیچنا بھی جرم بن جائے گا۔

متعلقہ تحاریر