کراچی میں کالی وردی والوں کے کالے کرتوت

ہیڈ کانسٹیبل طارق عباسی نے دودھ کی دکان کے کیش کاؤنٹر سے کمال ہوشیاری سے رقم چوری کرلی۔

کراچی کے علاقے کورنگی میں دودھ کی دکان پر چھاپہ مارا گیا لیکن پولیس اہلکار نے کیش کاؤنٹر سے رقم چوری کرلی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج نے چور اہلکار کا بھانڈہ پھوڑ دیا۔

کورنگی پی این ٹی سوسائٹی میں اسسٹنٹ کمشنر اور پرائس کنٹرول کمیٹی کے افسران نے پولیس اہلکاروں کے ہمراہ دودھ کی دکان پر چھاپہ مار کارروائی کی۔ اس دوران ہیڈ کانسٹیبل طارق عباسی نے کیش کاؤنٹر سے کمال مہارت سے رقم چوری کرلی۔ دودھ کی دکان میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے نے چور پولیس اہلکار کے کالے کرتوت بے نقاب کردیے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں پولیس اہلکار کو کیش کاونٹر سے پیسے نکالتے دیکھا جاسکتا ہے۔ فوٹیج میں اہلکار کا چہرہ بھی واضح طور پر نظر آرہا ہے۔ واردات میں ملوث اہلکار نیچے گرنے والے نوٹوں کو جمع کرکے لے گیا۔ دوسری جانب پولیس حکام نے بھی اعتراف کرلیا ہے کہ چھاپے کے دوران ہیڈ کانسٹیبل طارق عباسی نے رقم چوری کی۔

یہ بھی پڑھیے

بجٹ منظوری کے دن تاجروں اور صنعت کاروں کے تحفظات

پولیس پارٹی کو معطل کرکے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ گرفتار اہلکاروں میں ہیڈ کانسٹیبل طارق عباسی، کانسٹیبل ذیشان، کانسٹیبل وقار بیگ اور ڈرائیور کانسٹیبل عامر خان شامل ہیں۔

چوری میں ملوث اہلکاروں کے خلاف تھانہ کورنگی صنعتی ایریا میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ متاثرہ دکاندار نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے کیش کاؤنٹر سے ڈھائی لاکھ روپے نقد رقم کا صفایا کیا۔ دوسری طرف پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکاروں سے محض چند ہزار روپے ہی برآمد ہوئے ہیں۔ دکاندار کے الزام میں کتنی صداقت ہے اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

متعلقہ تحاریر