نیوز چینلز معذور بےروزگار شخص کی آواز نہ بن سکے

سندھ اسمبلی کے باہر احتجاج کرنے والے دادو کے رہائشی کو نیوز چینلز نے کوئی اہمیت نہ دی۔

نیوز چینلز سندھ اسمبلی کے جھگڑے دکھانے میں تو سب سے آگے ہوتے ہیں لیکن کسی غریب انسان کی کہانی کو دنیا کے سامنے لانا ضروری نہیں سمجھتے ہیں۔ نمائندہ نیوز 360 عبدالقادر منگریو نے دادو کے بےروزگار شخص کی آواز سنی اور اسے عوام کے سامنے لائے۔

دنیا بھر میں سیاست اور صحافت کا محور عام آدمی کے مسائل ہوئے ہیں۔ میڈیا عوامی مسائل اجاگر کرتا ہے تو اسمبلیاں ان مسائل کے حل کے لیے قانون سازی کرتی ہیں لیکن مملکت خداداد پاکستان میں اسمبلیاں ان دنوں اکھاڑے کا منظر پیش کررہی ہیں۔ جہاں عوام کے منتخب نمائندے ان کے مسائل کے حل کے بجائے ایک دوسرے سے دست وگریباں نظر آتے ہیں۔ افسوس کا مقام ہے کہ میڈیا نے بھی اپنی توجہ عوامی مسائل کے بجائے سیاستدانوں کے لڑائی جھگڑوں پر مرکوز کررکھی ہے۔

جب اپوزیشن اور حکومت کی اسمبلی گیٹ پر کشمکش چل رہی تھی اور نیوز چینلز پر یہ تماشہ نشر کیا جارہا تھا، اس وقت سندھ اسمبلی کے باہر ایک غریب اور بے روزگار شخص بھی اپنی التجا لے کر حاضر ہوا تھا لیکن اسے کسی ٹی وی چینل نے اہمیت نہ دی۔

سعید احمد پنھور دادو کا رہائشی ہے جوکہ اسمبلی کے باہر اپوزیشن اراکین سے کچھ فاصلے پر کھڑا ہوا تھا۔ دونوں ٹانگوں سے معذور سعید احمد اسمبلی کے گیٹ کے سامنے اپنی ڈگریاں لیے احتجاج کررہا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی میں کالی وردی والوں کے کالے کرتوت

دادو کے رہائشی نے نیوز 360 سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ وہ گریجویٹ ہے لیکن بےروزگار ہے اور حکومت سے معذوری کوٹہ میں نوکری کی درخواست دینے آیا ہے۔

سعید احمد کا کہنا ہے کہ وہ پپلزپارٹی کا جیالا ہے اور وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات کرنا چاہتا ہے۔ غریب معذور انسان نے میڈیا سے درخواست کی کہ اس کی آواز کو سنا جائے اور اس کا موقف وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ تک پہنچایا جائے۔

متعلقہ تحاریر