بلاول بھٹو زرداری آئی ایس آئی سے فون ٹیپنگ کیوں چاہتے ہیں؟
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم سے آئی ایس آئی کے ذریعے وزیر خارجہ کی ٹیلی فون کالز ٹیپ کرنے کی درخواست کی ہے۔
سویلین سپرمیسی کی دعویدار جماعت پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم سے آئی ایس آئی کے ذریعے وزیر خارجہ کی ٹیلی فون کالز ٹیپ کرنے کی درخواست کی ہے۔
بدھ کو قومی اسمبلی سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پر الزام عائد کیا کہ وہ جب ان کے دور میں وزیر خارجہ تھے تو دنیا بھر میں یوسف رضا گیلانی کی جگہ خود کو وزیراعظم بنائے جانے کی مہم چلا رہے تھے، جس کی وجہ سے انہیں فارغ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے
سوشل میڈیا پر ملک دشمن بیانیہ یوں فروغ پاتا ہے
انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ خان صاحب سے کہیں کہ ملتان والے صاحب کی شخصیت کو پہچانیں کیونکہ جب خان صاحب پہچانیں گے تو انہیں لگ پتا جائے گا۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے حکومتی معاملات میں اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت کو ہمیشہ تنقید کا نشانہ بنایا ہے مگر بلاول بھٹو زرداری کا بیان سویلین سپرمیسی کے دعوے کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اپنی جماعت کا بیانیہ تبدیل کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی پاکستان پیپلز پارٹی کی 2008 سے 2013 تک رہنے والی حکومت میں 2008 سے 2011 تک بطور وزیر خارجہ رہے تھے۔ تاہم، 2011 میں آصف علی زرداری سے اختلافات کی بنیاد پر وزارت سے استعفیٰ دے دیا تھا اور پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔