پشاور پولیس کا گھوڑوں پر گشت
16 گھوڑوں پر مشتمل دستے نے گشت شروع کردیا ہے۔

پشاور میں محکمہ پولیس کی جانب سے جرائم کی روک تھام کے لیے ایک مرتبہ پھر گھوڑوں پر سوار ہوکر گشت شروع کردیا گیا ہے۔
پولیس اہلکار گھوڑوں کے ساتھ پشاور کے تنگ بازاروں اور گلیوں میں گشت کرکے ناصرف عوام کی مدد کے لیے موجود ہوں گے بلکہ شرپسند عناصر پر نظر رکھتے ہوئے بروقت کارروائی بھی کرسکیں گے۔ گھوڑوں پر پولیس کے پرانے اور قدیمی گشت کو جہاں عوام کی جانب سے بہتر فیصلہ قرار دیا جا رہا ہے وہیں اس سے جرائم میں کمی کی توقع بھی کی جارہی ہے۔
ابتدائی طور پر 16 گھوڑوں پر مشتمل دستہ تیار کیا گیا ہے جس نے پشاور کینٹ اور صدر بازار میں گشت بھی شروع کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
سکھر کی تنگ گلیوں میں بلند و بالا عمارتوں کی تعمیر
ایس ایس پی آپریشن یاسر آفریدی کے مطابق گھوڑوں پر گشت ماضی کی روایت ہے۔ پشاور کی گلیاں اور اکثر بازار اتنے تنگ ہیں کہ مجرمان جرم کرنے کے بعد آسانی سے فرار ہوجاتے ہیں لیکن اب اس گشت کے ذریعے پولیس اہلکار کسی بھی مجرم کی بھاگنے کی کوشش کو ناکام بنا سکیں گے۔
ایس ایس پی آپریشن یاسر آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ ابتدائی طور گھوڑوں کے 2 دستے کینٹ کے علاقے میں گشت کریں گے لیکن بہت جلد یہ سلسلہ پشاور کے دوسرے علاقوں تک بھی پہنچ جائے گا۔









