کراچی میں احساس پروگرام سینٹر پر ڈاکا

ڈکیتی کے وقت سینٹر میں کوئی پولیس اہلکار تعینات نہیں تھا۔

کراچی میں وزیراعظم کے احساس پروگرام سینٹر پر بھی ڈاکا پڑگیا۔ پولیس کی غیر موجودگی کا فائدہ اٹھا کر 10 لاکھ روپے سے زائد نقدی اور موبائل چھین  لیے گئے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عامر پر آگئی۔

کراچی کےعلاقے گلشن اقبال میں ڈکیتیاں معمول بن گئیں۔ چوری کی وارداتوں میں غیر معمولی حد تک اضافہ ہوگیا ہے۔ پولیس افسران وارداتوں پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام نظر آرہے ہیں۔

گلشن اقبال بلاک 5 میں موجود احساس پروگرام سینٹر میں ڈکیتی کی واردات ہوئی۔ عینی شاہدین کے مطابق جمعہ کی صبح تقریباً 11 بجے 3 موٹر سائیکلز پر سوار 6 ملزمان سینٹر پہنچے اور اسلحے کے زور پر 10 لاکھ روپے سے زائد کی رقم  اور عملے کے موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔

شہریوں کے مطابق سینٹر پر ہر وقت لاکھوں روپے کیش موجود ہوتا ہے لیکن اس کے باوجود جمعہ کو یہاں کوئی پولیس اہلکار تعینات نہیں تھا جس کے باعث ملزمان نے باآسانی واردات کی اور فرار ہوگئے۔ ایک ملزم سیکیورٹی گارڈ کی طرز کے کپڑے بھی زیب تن کیے ہوئے تھا۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی میں ایک ہی روز میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی ہے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 824/2021 چھ  نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

چند روز قبل گلشن اقبال میں کروڑوں روپے کی ڈکیتیاں رونما ہوئیں لیکن اب تک کسی بھی واردات کے ملزمان گرفتار نہ ہوسکے۔ ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ واردات کی تفتیش شروع کردی گئی ہے، جلد ملزمان کو گرفتار کرلیا  جائے گا۔

علاقہ مکینوں نے آئی جی سندھ مشتاق مہر سے اپیل کی ہے کہ علاقے میں ایسے پولیس افسران  تعینات کیے جائیں جو شہریوں کو اسٹریٹ کرائم اور ڈاکؤوں  سے نجات دلاسکیں۔

متعلقہ تحاریر