پاک بحریہ کے سربراہ کا پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں خطاب

سربراہ پاک بحریہ نے بدلتے ہوئے ماحول میں روایتی اور غیر روایتی سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ کی صلاحیتوں پر روشنی ڈالی۔

چیف آف دی نیول اسٹاف، ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پاکستان نیوی وار کالج لاہور کا دورہ کیا اور 50 ویں پی این اسٹاف کورس کے شرکاء سے خطاب کیا۔ کمانڈنٹ پی این وار کالج ریئر ایڈمرل محمد زبیر شفیق نے امیرالبحر کا استقبال کیا۔

کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیر البحر نے بدلتے ہوئے جیو اسٹریٹجک ماحول اور اُس کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال بالخصوص بحری سیکیورٹی چیلنجز پر روشنی ڈالی۔ ایڈمرل نے کہا کہ بحرہند کا خطہ بڑے پیمانے پر جغرافیائی و سیاسی تبدیلیوں سے گزر رہا ہے اور اس صورتحال میں پاک بحریہ کی ذمہ داریوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ خطرات کے تصور حوالے سے بات کرتے ہوئے سربراہ پاک بحریہ نے بدلتے ہوئے ماحول میں روایتی اور غیر روایتی سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ کی صلاحیتوں پر روشنی ڈالی۔ نیول چیف نے پاک بحریہ کو خطے کی طاقتور بحری فوج بنانے کے اپنے وژن کے مطابق پاک بحریہ کے ترقیاتی منصوبوں اور دیگر اقدامات پر بات چیت کی۔ سر براہ پاک بحریہ نے کورس کے شرکاء کو اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں پاک بحریہ کے بنیادی اصولوں یعنی ایمان، کردار، شجاعت اور لگن پر چلنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ وہ سچی اسلامی اقدار اور نظریہ پاکستان سے تحریک لیں۔

قبل ازیں، کورس کے شرکاء کے ایک پینل نے ’سائبر اسپیس بطور پانچویں جنگی ڈومین: چیلنجز اور پاکستان کے مواقع‘ کے عنوان پر ریسرچ پیپر پیش کیا۔ ایڈمرل نے کورس کے شرکاء کو بہترین تعلیمی ماحول مہیا کرنے اور اُن کی پیشہ ورانہ مہارت کو اُبھارنے پر پاکستان نیوی وار کالج کی کاوشوں کو سراہا۔

پاکستان نیوی وار کالج، پاک بحریہ کا اعلی تربیتی ادارہ ہے جو کہ مستقبل میں اہم کمانڈ اینڈ اسٹاف تقرریوں کو سنبھالنے کے لئے پاکستان نیوی، مسلح افواج اور دوست ممالک کے افسران کو پیشہ ورانہ عملی اور فوجی تربیت فراہم کر رہا ہے۔

متعلقہ تحاریر