شہباز شریف نے مریم نواز کو جلسے میں شرکت سے روک دیا؟

ذرائع نیوز 360 کے مطابق شہباز شریف نے مریم نواز کی سوات جلسے میں شرکت پر شرط عائد کردی تھی۔

سوات میں حزب اختلاف کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا جلسہ ہوا جس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی غیر حاضری کے حوالے سے سوالات اٹھائے گئے لیکن نیوز 360 کے ذرائع شہباز شریف اور مریم نواز کے درمیان پکنے والی کھچڑی کو سامنے لے آئے۔

پی ڈی ایم کا سوات میں ہونے والا جلسہ مریم نواز کے نہ ہونے کے باعث موضوع بحث بنا۔ (ن) لیگی رہنما صدر (ن) لیگ شہباز شریف کی شرکت اور نائب صدر مریم نواز کی عدم شرکت پر پردہ ڈالتے دکھائی دیئے۔ پارٹی کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا کہ سوات جلسے میں مریم نواز کی غیر حاضری کسی اختلاف کا نتیجہ نہیں بلکہ پارٹی کا فیصلہ ہے۔

دوسری جانب ذرائع نیوز 360 کے مطابق مریم نواز جلسے میں شرکت کرنا چاہتی تھیں مگر شہباز شریف نے آخری موقعے پر شرط رکھ دی کہ وہ جلسے میں اداروں کے خلاف کوئی بات نہیں کریں گی، جس پر مریم نواز پیچھے ہٹ گئیں۔

یہ بھی پڑھیے

کیا بلاول بھٹو اور مریم نواز آزاد کشمیر کا انتخابی معرکہ سرکر پائیں گے؟

نیوز 360 کے ذرائع کے مطابق قائد (ن) لیگ ، شہباز شریف اور مریم نواز کے درمیان اس حوالے جب گفتگو ہوئی تو شہباز شریف نے دلیل دی کہ جلسوں میں اگر اداروں پر کھلے عام تنقید ہوگی تو مستقبل میں ان کی جماعت کے اقتدار میں آنے کے بعد مسائل پیدا ہوں گے اور ایسے میں اداروں کے ساتھ مل کر کام کیسے کریں گے؟ جس پر نواز شریف نے خاموشی اختیار کرلی اور مریم نواز بھی اس دلیل کا جواب نہ دے سکیں۔ اس گفتگو کے بعد نواز شریف نے مریم نواز کے جلسے میں نہ جانے کا حتمی فیصلہ سنادیا۔

متعلقہ تحاریر