کراچی میں پولیس اہلکار کے بکرے چوری

پولیس کے مطابق شواہد اکھٹا کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

شہر قائد میں قربانی کے جانور بھی چور اور لٹیروں کے نشانے پر آگئے۔ کراچی کے علاقے منظور کالونی میں پولیس اہلکار کے گھر سے ڈھائی لاکھ روپے کی مالیت کے 6 بکرے چوری ہوگئے۔

عیدالضحیٰ قریب آتے ہی شہر قائد میں قربانی کے جانوروں کی چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا۔ گلشن معمار، سپرہائی وے، صنعتی ایریا اور کورنگی کے بعد کراچی کے علاقے منظور کالونی سے بھی قربانی کے لیے لائے گئے قیمتی بکرے چوری کرلیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب بلوچ کالونی تھانے کی حدود منظورکالونی جدون چوک کے قریب رہائش پذیر پولیس اہلکار عبداللہ کے گھر سے چور 6 بکرے چوری کرکے فرار ہوگئے۔ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پرآگئی ہے۔ جس میں دو ملزمان کو واردات کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ فوٹیج  میں ملزمان کے چہرے بھی واضح ہیں۔ اطلاع ملنے پر بلوچ کالونی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور واردات کا مختلف پہلؤوں سے جائزہ لیا۔

یہ بھی پڑھیے

کیا کراچی کا ضلع جنوبی نالوں پر قائم ہے؟

ایس ایچ او تھانہ بلوچ کالونی ہدایت حسین کے مطابق متاثرہ پولیس اہلکار عبداللہ ہیڈ کوارٹر میں تعینات ہے۔ پولیس اہلکار نے واردات سے متعلق تھانے میں درخواست جمع کرائی ہے، جس کی روشنی میں واردات کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق شواہد اکھٹا کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ متاثرہ پولیس اہلکار نے دعویٰ کیا ہے کہ چوری ہوجانے والے بکروں کی مالیت تقریباً ڈھائی لاکھ روپے تھی۔

متعلقہ تحاریر