کراچی کے پولیس مقابلوں میں 3 ڈاکو ہلاک

3 پولیس اہلکار بھی گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے۔

پولیس کی رٹ کو چیلنج کرتے ڈاکؤوں کے خلاف پولیس نے ڈنڈا اٹھالیا۔ کراچی ایسٹ زون پولیس نے مقابلوں کے دوران 24 گھنٹوں میں 3 ڈاکو ہلاک کردیئے گئے۔ 3 پولیس اہلکار بھی گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے۔

کراچی میں لوٹ مار کے بڑھتے واقعات پر قابو پانے، بے لگام لٹیروں کو نکیل ڈالنے اور اپنی رٹ منوانے کے لیے پولیس کو حکمت عملی تبدیل کرنا پڑگئی۔ کراچی کے ضلع شرقی میں پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں 24 گھنٹوں کے دوران 3 ڈاکو ہلاک ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سچل تھانے کی حدود سہراب گوٹھ کے قریب شہریوں نے  پولیس کے موٹرسائیکل اسکواڈ کے جوانوں کو ڈاکؤوں کی موجودگی اور ان کی جانب  سے شہری پر فائرنگ کرنے کی اطلاع دی تو اسکواڈ کے جوان مذکورہ مقام پر پہنچ گئے۔ ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق پولیس جیسے ہی وہاں پہنچی 2 ڈاکؤوں نے اہلکاروں پر گولیاں چلادیں۔ ڈاکؤوں نے فرار ہونے کی کوشش کی تو پولیس کی جوابی کارروائی میں موٹرسائیکل کی پچھلی نشست پر بیٹھا ملزم گولی لگنے سے زخمی ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔ فائرنگ کی زد میں آکر 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ زخمی حالت میں گرفتار ہونے والا ڈاکو اسپتال منتقلی  کے دوران ہلاک ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیے

ڈاکو نے ڈاکو کو تاوان ادا کر کے خاتون کو بازیاب کرالیا

ایس ایس پی ایسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس مقابلے سے قبل  ڈاکؤوں کی گولی کا نشانہ بننے والے شخص کی لاش سروس روڈ کے قریب سے مل گئی جس کی شناخت کی کوشش جاری ہے۔ مرنے والے ڈاکو کی شناخت احمد دین کے نام سے ہوگئی ہے۔ پولیس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک اور فرار ہونے والے ڈاکو باپ بیٹا ہیں جن کا تعلق شکار پور سندھ سے ہے۔ فرار ہونے والے ہلاک ملزم کے بیٹے کی تلاش جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ باپ بیٹا نجی سیکیورٹی کمپنی میں بطور سیکیورٹی گارڈ ملازم  تھے۔ پولیس نے شہری کی ہلاکت پر 3 مقدمات درج کرلیے ہیں۔

دوسری جانب ضلع شرقی کی فیروز آباد پولیس نے تعاقب کے بعد ملیر انور بلوچ ہوٹل کے قریب مبینہ مقابلے میں کار سوار 2 ڈاکؤوں کو ہلاک اور ایک کو شدید زخمی کردیا۔ مبینہ فائرنگ کے تبادلے میں ایس ایچ او فیروزآباد اور ایک اہلکار بھی زخمی ہوگیا۔

ادھر ملیر الفلاح کے علاقے میں مسلح ڈاکؤوں کے جتھے نے ندی بند کے قریب فائرنگ کرکے ایک پولیس اہلکار کو زخمی کردیا۔ شاہ فیصل کالونی پولیس نے ملیر ندی بند کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

متعلقہ تحاریر