کراچی میں بارشوں سے قبل پولیس کی کشتیاں تیار

اربن فلڈنگ اینڈ ریسکیو یونٹ بارشوں کے دوران نشیبی علاقوں میں فرائض انجام دے گا۔

کراچی پولیس نے مون سون کی بارشوں میں کشتیاں چلانے کے لیے کمرکس لی۔ بارشوں میں ہونے والی ممکنہ تباہی کے پیش نظر پولیس کا خصوصی یونٹ تیار کرلیا گیا۔ اربن فلڈنگ اینڈ ریسکیو یونٹ نشیبی علاقوں میں فرائض انجام دے گا۔

کراچی میں مون سون کی بارشیں پورے شہر کا نظام درہم برہم کردیتی ہیں۔ پچھلے سال سڑکیں تالاب کا منظر پیش کررہی تھیں اور ریسکیو ٹیمز نے کشتیاں چلا کر لوگوں کو محفوظ مقامات تک پہنچایا تھا۔ اس سال ایسا لگ رہا ہے کہ پولیس مون سون سے قبل ہی شہر میں کشتیاں چلانے کے لیے ذہنی طور پر تیار ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی میں اسٹریٹ کرائمز 5 ماہ کی بلند ترین سطح پر

بارشوں میں ہونے والی ممکنہ تباہی اور نشیبی علاقوں سے شہریوں کو نکالنے کی تدابیر کے لیے سندھ پولیس کے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ نے کمر کس لی ہے۔ کشتیاں بھی تیار کرلی گئی ہیں۔ ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد میمن کی سربراہی میں کام کرنے والا پولیس کا اربن فلڈنگ اینڈ ریسکیو یونٹ شہر میں کسی بھی ہنگامی یا سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے دستیاب ہوگا۔

جدید سازو سامان سے لیس ایس ایس یو کمانڈوز پر مشتمل ٹیم چھوٹی کشتیوں کے ہمراہ 24 گھنٹے الرٹ رہے گی۔ خصوصی یونٹ میں شامل کمانڈوز کو 3 ہفتوں کے مشکل ترین تربیتی مرحلے سے گزارا گیا ہے۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ چاق و چوبند جوان تیراکی کے تمام گُر جانتے ہیں اور پانی میں پھنسے ہوئے افراد کی زندگیاں بچانے کی خوب صلاحیت رکھتے ہیں۔ یونٹ میں اب تک 20 اہلکار شامل کیے گئے ہیں جنہیں اندرون سندھ کے علاوہ منوڑہ پر بھی پاک بحریہ کی جانب سے تربیت فراہم کی گئی ہے۔

ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کہتے ہیں کہ گزشتہ برس بارشوں کے دوران رونما ہونے والی صورتحال کے پیش نظر یونٹ کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ امید ہے کہ یہ جوان شہریوں کی بہتر انداز میں خدمت کریں گے۔

متعلقہ تحاریر