غیرحاضری پر اساتذہ کی تنخواہ کٹے گی

غیر حاضر رہنے والے اساتذہ کے خلاف گھیرا تنگ کردیا گیا۔

خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری اسکولوں کے کام چور اساتذہ کے گرد شکنجہ کس دیا۔ اساتذہ کی غیر حاضری اب نہیں چلے گی۔ پیشگی اطلاع کے بغیر چھٹی کرنے والے اسکول اساتذہ کو تنخواہ اور انکریمنٹ کے ساتھ ساتھ نوکری سے بھی ہاتھ دھونا پڑسکتے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں بڑی تعداد میں اساتذہ کے اسکول نہ جانے کا انکشاف ہوا تھا جس کے بعد محکمہ تعلیم نے غیرحاضر رہنے والے اساتذہ کے خلاف گھیرا تنگ کردیا ہے۔ حکومت نے نئے فیصلوں سے متعلق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کو مراسلہ ارسال کردیا ہے۔

محکمہ تعلیم کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پہلی مرتبہ غیر حاضری پر تسلی بخش جواب نہ دینے پر اساتذہ کی ایک دن کی تنخواہ کاٹی جائے گی۔ دوسری بار غیر حاضری پر اطمینان بخش جواب نہ دینے پر ایک دن کی تنخواہ کی کٹوتی کے ساتھ معمولی جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔ پیشگی اطلاع کے بغیر تیسری مرتبہ غائب ہونے والے اساتذہ کوایک سال کے انکریمنٹ سے ہاتھ دھونا پڑے گا۔ چوتھی مرتبہ غیرحاضری پر تین سال تک دو انکریمنٹس نہیں ملیں گے۔ اعلامیے کے مطابق پانچویں مرتبہ بغیر بتائے غائب ہونے والے اساتذہ کو انتہائی سخت سزا کا سامنا کرنا ہوگا۔ اظہار وجوہ کے نوٹس کا تسلی بخش جواب نہ دینے پر اساتذہ کو تنزلی،جبری ریٹائرمنٹ یا برطرفی کا بھی سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

 

سرکاری اسکول اساتذہ تنخواہ

یہ بھی پڑھیے

میٹرک کے امتحانات میں بدنظمی لیکن صوبائی مشیر منظر سے غائب

محکمہ تعلیم نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کو نئے فیصلوں پر جلد سے جلد عمل درآمد کرنے کی ہدایات کردی ہے۔ محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے نئے تعلیمی سال پر سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی بائیومیٹرک حاضری کو لازمی قرار دیا ہے۔ بائیومیٹرک کے بغیر اساتذہ کو غیرحاضر تصور کیا جائے گا۔

 کے پی کے حکومت نے نیا تعلیمی سال 12 جولائی سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئندہ ہفتے سے تمام سرکاری اسکولوں میں داخلوں کا سلسلہ بھی شروع کیا جائے گا۔

Facebook Comments Box