ڈیفنس میں تاجر کے ہاتھوں ڈاکو کی ہلاکت

ڈاکؤوں نے شہری کا تعاقب کیا اور اسلحہ دکھا کر ساڑھے 4 لاکھ روپے لوٹ لیے۔

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں بینک سے رقم لانے والے تاجر نے فائرنگ کرکے ڈاکو کو ہلاک کر دیا۔پولیس نے واردات میں لوٹی گئی رقم ہلاک ملزم سے برآمد ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔

کراچی میں اسٹریٹ کرائم کے ستائے شہری ڈاکؤوں سے خود ہی نمٹنے لگے ہیں۔ تازہ واقعہ کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان سحر میں پیش آیا، جہاں بینک سے رقم لے کر نکلنے والے شہری کا ڈاکؤوں نے تعاقب کیا اور اسلحہ دکھا کر ساڑھے 4 لاکھ روپے لوٹ لیے۔

ڈیفنس کے شہری نے کمال ہوشیاری اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈاکوؤں کو فرار ہونے کا موقع دیا اور جونہی ملزم چھینی گئی رقم لے کر فرار ہونے لگے تو شہری نے اپنے لائسنس یافتہ پستول سے ڈاکوؤں پر فائرنگ کردی جس سے ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں گولی لگنے کے بعد ڈاکو کو موٹرسائیکل سے زمین پر گرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی کے پولیس مقابلوں میں 3 ڈاکو ہلاک

پولیس کے مطابق واردات میں چھینے گئے 4لاکھ 50ہزار روپے مارے گئے ڈاکو سے برآمد ہوئے ہیں جبکہ ڈاکو کی شناخت زاہد حسین کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ڈاکؤوں پر فائرنگ کرنے والا شہری ناصر فاروق بزنس مین ہے اور ڈیفنس فیز 7 کا رہائشی ہے۔

واقعے سے متعلق عینی شاہد نے پولیس کو بتایا کہ ڈاکؤوں نے بھی بزنس مین پر گولی چلائی تھی مگر وہ خوش قسمتی سے محفوظ رہا۔ پولیس نے ہلاک ملزم کے سابقہ ریکارڈ سے متعلق معلومات جمع کرنے کے ساتھ فرار ہونے والے ساتھیوں کی تلاش بھی شروع کردی ہے۔

Facebook Comments Box