بلاول بھٹو کا دورہ امریکا، کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے

ترجمان سندھ حکومت کے مطابق بلاول بھٹو دورہ امریکا میں دو کانفرنسز سے خطاب کریں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے دورہ امریکا سے حکومتی ایوانوں میں ہلچل مچ گئی ہے، تاہم پی پی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے ابھی تک بلاول بھٹو کے دورہ امریکا کے حوالے سے کوئی واضح بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو ہفتے کی شام امریکا روانہ ہو گئے تھے، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ پہلے ہی سے یو ایس اے میں موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

شفقت محمود کا طلبہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار سعد رفیق برہم

ترجمان پیپلز پارٹی اور بلاول ہاؤس کی جانب سے ابھی تک بیان جاری نہیں کیا گیا کہ پارٹی کے دو اعلیٰ عہدے دار امریکا کیوں گئے ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے ایک بیان جاری کیا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری امریکا میں دو کانفرنسز سے خطاب کریں گے۔

سیاسی تجزیہ کار ترجمان سندھ حکومت کے بیان کو سیاسی بیان سے تشبیہہ دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ بات تو پکی ہے کہ بلاول بھٹو کے دورہ امریکا کے حوالے سے واضح بیان نہ آنے کی وجہ سے حکومتی ایوانوں میں ہلچل مچی ہوئی ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایک جانب آزاد جموں و کشمیر کی انتخابی مہم زوروں پر جاری ہے ایسے میں بلاول بھٹو کا دورہ امریکا بغیر فائدے کے ہو نہیں سکتا ہے۔ امریکا میں ایسی کون سی کانفرنسز اور میٹنگز آگئی ہیں جو کشمیر الیکشن سے بھی اہم ہو گئی ہیں، اور ان میٹنگز کی تفصیلات کو بھی منظر عام پر نہیں لایا جارہا ہے۔ تاہم اطلاعات یہ بھی ہیں کہ بلاول بھٹو دورہ امریکا سے واپسی سے 15 جولائی کو دوبارہ انتخابی مہم کو چلائیں گے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اطلاعات یہ بھی ہیں کہ بلاول بھٹو کی امریکی کانگریس کے ارکان کے ساتھ ملاقاتیں طے ہیں وہاں کیا طے ہوتا ہے اس کی تفصیلات تو دورے کے بعد ہی سامنے آئیں گی۔

بلاول بھٹو کے دورہ امریکا پر تنقید کرتے ہوئے اتوار کے روز وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی جتنے مرضی دورے کرلیں عمران خان کہیں نہیں جانے والے ہیں۔

3 جولائی کو بلاول بھٹو کے دورہ امریکا کو ہدف تنقید بناتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ بلاول زرداری اپنے والد کی طرح جی حضوری کی درخواست لے کر جارہے ہیں۔

ادھر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کراچی کے صدر اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری امریکی چاپلوسی سے اقتدار حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

Facebook Comments Box