محمد شبیر نے 25ویں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپیئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

ملک بھر سے 600 سے زائد گالفرز نے اس چیمپیئن شپ میں حصہ لیا۔

  پچیسویں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپیئن شپ کی اختتامی تقریب کا انعقاد کراچی گالف کلب میں کیا گیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

آٹھ سے گیارہ جولائی 2021 تک جاری رہنے والی 4 روزہ چیمپیئن شپ 1995 کے بعد سے ملکی گالف کےحلقوں میں ایک اہم ایونٹ کی حیثیت اختیار کر چکی ہے۔ چیمپیئن شپ میں کراچی گالف کلب پروفیشنلز/ کیڈیز، سینئیر پروفیشنلز، جونئیر پروفیشنلز، سینئیرز اور لیڈیز کے لئے36 ہولز کے میچز،کیٹگری اے اور بی کے جونئیرز کے لئے 18ہولز کےمیچز،ویٹرنز کے لئے 9 ہول میچز اور پروفیشنلز اور امیچرز کے لئے 72 ہول کے میچز کھیلے گئے۔8.5 ملین کی انعامی رقم کے ساتھ یہ چیمپیئن شپ ملکی گالف ایونٹس میں سب سے زیادہ انعامی رقم والا ایونٹ ہے۔علاوہ ازیں مختلف کیٹیگریز میں جیتنے والے کھلاڑیوں کو دیگر کئی انعامات دیے گئے. ملک بھر سے600 زائد گالفرز نے اس چیمپیئن شپ میں حصہ لیا۔

چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے بہترین چیمپیئن شپ کے انعقاد پر کراچی گالف کلب کے اسٹاف اور منتظمین کو سراہتے ہوئے چیمپیئن شپ کے فاتحین کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے معیاری کھیل کے مظاہرے کو بھی سراہا جس کی وجہ سے معیاری تفریح میسر ہوئی. انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نیوی ملک میں کھیلوں کے صحت مندانہ فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ آخر میں25 ویں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپیئن شپ کے فاتح محمد شبیر اقبال نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے گالف کھیلنے کا شاندار موقع فراہم کرنے پر منتظمین اور اسپانسرز کا شکریہ ادا کیا۔

اختتامی تقریب میں منتظمیں سمیت متعدد معززین، اسپانسرز، گالف کمیونٹی اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیے

چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئین شپ کی افتتاحی تقریب

متعلقہ تحاریر