کراچی میں فلیٹ سے غیر ملکی خاتون کی لاش برآمد

پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق خاتون کی گردن کی ہڈی ٹوٹی ہوئی تھی۔

کراچی کے پوش علاقوں سے خواتین کی لاشیں ملنے کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔ تازہ واقعہ گزری میں پیش آیا۔ فلیٹ سے غیر ملکی خاتون کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی تو پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کردیا۔

کلفٹن تھانے کی حدود چسکا ہوٹل کے قریب منگل اور بدھ کی درمیانی شب ایک فلیٹ سے فلپائنی خاتون کی لاش ملی، جس کی شناخت 32 سالہ شیلا مونٹانو کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے غیر ملکی خاتون کی لاش کو تحویل میں لے کر سب سے پہلے پوسٹ مارٹم کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا۔ جس کے بعد لاش فلپائن کے قونصل خانے کے حوالے کردی گئی ہے۔

پولیس کا دعویٰ ہے کہ خاتون کے جسم پر متعدد مشتبہ نشانات پائے گئے ہیں۔ پوسٹ مارٹم  رپورٹ میں بھی انکشاف ہوا ہے کہ خاتون کی گردن کی ہڈی ٹوٹی ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق فلپائنی خاتون کافی عرصے سے پاکستان میں رہائش پذیر تھیں۔ غیر ملکی خاتون نے کرائے پر فلیٹ حاصل کر رکھا تھا جہاں وہ اکیلی رہا کرتی تھیں۔

یہ بھی پڑھیے

پولیس مظلوم ساس کو تلاش کرنے میں کامیاب

پولیس نے واقعے کی اطلاع دینے والے ملازم کو شاملِ تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پولیس کے مطابق خاتون دل کے عارضے میں بھی مبتلا تھیں۔ ان کا کچھ روز قبل آپریشن بھی ہوا تھا اور وہ اپنے وطن واپس جانا چاہتی تھیں۔

کراچی کے پوش علاقوں خاص طور پر ڈیفنس اور کلفٹن سے پہلے بھی خواتین کی لاشیں ملنے کے واقعات رونما ہوچکے ہیں۔ ایک اور لاش ملنے پر شہری نجی سیکیورٹی اہلکاروں اور پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پوش علاقوں میں گشت بڑھانے کے ساتھ پراسرار افراد پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام ممکن ہوسکے۔

Facebook Comments Box