سندھ حکومت کا بلدیہ کے 4 اسپتال تحویل میں لینے کا فیصلہ

سندھ کابینہ کے کل ہونے والے اجلاس میں اسپتال محکمہ صحت کے حوالے کیے جائیں گے۔

سندھ حکومت نے مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات کرنے کے فیصلے کے بعد بلدیہ عظمیٰ کراچی کےاسپتال اپنی تحویل میں لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کل ہونے والے سندھ کابینہ کے اجلاس میں اسپتال محکمہ صحت کے حوالے کرنے کا باضابطہ اعلان کریں گے۔

وفاقی حکومت سے جناح اسپتال، این آئی سی وی ڈی اور این آئی سی ایچ اسپتال کی منتقلی کے معاملے پر تنازعے کے بعد سندھ حکومت نے اب بلدیہ عظمیٰ کراچی کے 4 اسپتال اپنی تحویل میں لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ کابینہ کے کل ہونے والے اجلاس میں بلدیہ کے 4 اسپتال محکمہ صحت کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ سندھ حکومت کو منتقل ہونے والے اسپتالوں میں کے ایم سی کا امراض قلب، کے ایم سی لپروسی سینٹر، گزری میٹرنٹی ہوم اور سوبراج اسپتال شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق سندھ کابینہ کے اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر کراچی کی تقرری کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔ ممکنہ طور پر ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر بنانے کی منظوری دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیے

کیا مرتضیٰ وہاب کے ایم سی سے کرپشن اور بدعنوانی ختم کرپائیں گے؟

سیاسی تجزیہ نگاروں نے سندھ حکومت کے ان اقدامات کو بلدیاتی انتخابات کی تیاری قرار دیا ہے جبکہ حزب اختلاف کی جماعتیں مخالفت میں سامنے آئی ہیں۔ مخالفین کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کراچی پر قبضہ کرکے اپنا سیاسی اثر و رسوخ بڑھانا چاہتی ہے۔ اپوزیشن کے مطابق سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کی تعیناتی سے انتظامی پوسٹ کو سیاسی پوسٹ بنانا چاہتی ہے اور وہ کسی بھی صورت ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ دوسری جانب مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ پارٹی انہیں جو ذمہ داری دے گی وہ انہیں بخوبی نبھائیں گے۔

متعلقہ تحاریر