کراچی پولیس شہریوں کی گاڑیوں کی مرمت کرئے گی

مشکل میں پھنسے شہری مددگار ون فائیو پر کال کرکے اس سہولت سے فائدہ اٹھاسکیں گے۔

کراچی میں بارش کے دوران خراب ہونے والی گاڑی کی اب پولیس بلامعاوضہ مرمت کرے گی۔ سندھ پولیس کے اربن فلڈنگ ریسکیو یونٹ میں موبائل ورکشاپ کا اضافہ ہوگیا۔

کراچی میں برسات کے دوران اگر سڑک پر گاڑی خراب ہوجائے تو مددگار ون فائیو پر کال کرکے پولیس سے گاڑی کی مرمت کروائی جا سکتی ہے وہ بھی مفت میں۔ جی ہاں، کراچی میں سندھ پولیس کے اربن فلڈنگ ریسکیو یونٹ میں کشتیوں کے بعد موبائل ورکشاپس کا بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔

سندھ پولیس کا اربن فلڈنگ ریسکیو یونٹ اب نہ صرف برسات کے دوران نشیبی علاقوں  سے لوگوں کی منتقلی میں مدد کرئے گا بلکہ سڑکوں پر بارش کے پانی میں خراب ہوجانے والی گاڑیوں کی مرمت بھی بلا معاوضہ کی جائے گی۔ ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد میمن کہتے ہیں کہ پولیس کا ہے فرض مدد آپ کی۔ سندھ پولیس کا شعبہ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ان دنوں اس سلوگن کی عملی تصویر بننے کے مشن پر ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی میں خواتین ٹریفک پولیس اہلکاروں کا بائیک اسکواڈ تیار

حال ہی میں قائم کیے گئے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے کمانڈوز پر مشتمل اربن فلڈنگ ریسکیو یونٹ کو مزید وسعت دیتے ہوئے اس میں فری موبائل ورکشاپس کا اضافہ کیا گیا ہے۔

موبائل ورکشاپس میں بارشوں کے دوران اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے ایم ٹی ڈپارٹمنٹ کا عملہ فرائض انجام دے گا۔ موبائل ورکشاپس میں گاڑیوں کی مرمت کے لیے استعمال ہونے والے تمام ضروری اوزار اور مختلف پرزہ جات کے علاوہ تجربہ کار مکینکس اور آٹو الیکٹریشن بھی موجود رہیں گے۔

پولیس حکام کہتے ہیں کہ دورانِ برسات موبائل ورکشاپس کی ٹیمز ایسے علاقوں میں گشت کریں گی جہاں عام طور پر صورتحال زیادہ خراب رہتی ہے۔ مشکل میں پھنسے شہری مددگار ون فائیو پر کال کرکے اس سہولت سے فائدہ اٹھاسکیں گے۔

موبائل ورکشاپس میں تعینات عملے کو تاکید کی گئی ہے بارش میں خراب ہونے والی گاڑیوں اور ان میں پھنسے شہریوں کی مدد میں تاخیر نہ کی جائے۔ عملے کو احکامات دیئے گئے ہیں کہ معمولی خرابی کی صورت میں گاڑی کی فی الفور مرمت کی جائے اور بڑی خرابی صورت میں گاڑی کو برسات کے پانی سے نکال کر ورکشاپ میں بلا معاوضہ منتقل کیا جائے۔

متعلقہ تحاریر