ابصا کومل کو طالبان کے ترجمان سے شادی کا بھونڈا مشورہ

ناقدین کا کہنا ہے کہ طالبان کے ترجمان کا انٹرویو کرکے ابصا کامل بین الاقوامی شہرت حاصل کرنا چاہتی ہیں۔

ڈان نیوز چینل کی معروف اینکر پرسن ابصا کومل کو ترجمان تحریک طالبان افغانستان سہیل شاہین کو اپنے پروگرام "نیوز آئی” میں بلانے پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ناقدین نے ابصا کومل پر تنقید کرتے ہوئے طالبان کے ترجمان سے شادی کا بھونڈا مشورہ بھی دیا ہے۔

ہفتے کے روز اینکر پرسن ابصا کومل نے ترجمان افغان طالبان سہیل شاہین کو ڈان نیوز چینل کے پروگرام میں مدعو کیا تھا۔ "نیوز آئی” کی اینکر نے افغانستان کی تازہ ترین صورتحال اور خواتین کے حقوق سے متعلق سہیل شاہین سے سخت سوالات کیے تھے۔

یہ بھی پڑھیے

افغان طالبان کو پروگرام میں مدعو کرنے پر سلیم صافی پر تنقید

ایک سوال کے جواب میں ترجمان افغان طالبان سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ جن اضلاع پر ہم نے قبضہ کیا ہے وہ لڑائی سے نہیں بلکہ وہاں کی سرکاری افواج خود رضاکارانہ طور پر ہم سے مل گئی ہیں، ورنہ یہ ممکن نہیں کہ ہم دو ماہ میں سارے افغانستان کے اضلاع پر قبضہ کرلیں۔

سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ ہمارا کوئی بیرونی ایجنڈا نہیں ہے، ہماری کسی ملک سے کوئی لڑائی نہیں ہے، جن اضلاع پر ہم نے قبضہ کیا ہے وہاں پر تمام اسکولز ، کالجز اور یونیورسٹیز میں بچیاں تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔ دینی تعلیم کے ساتھ پی ایچ ڈی کی تعلیم تک خواتین کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

انٹرویو کے برعکس تنازع اس وقت شروع ہوا جب سوشل میڈیا صارفین اور صحافیوں کی جانب سے ابصا کومل کو تنقید نشانہ بنایا جانے لگا۔ ناقدین نے کہا ہے کہ بین الاقوامی طور پر شہرت حاصل کرنے کے لیے خودکش دھماکے کرنے والوں کو اپنے پروگرامز میں بلاکر انٹرویو کیے جاتے ہیں۔ افغانستان کی صورتحال پر بات چیت کے لیے کسی افغان حکومتی عہدے دار کی رائے کیوں نہیں لی جاتی ہے۔

سماجی کارکن ندا کرمانی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ” یہ سب انٹرویو اوپر سے آرڈر آنے کے بعد کیے جاتے ہیں۔ اور ابصا کومل نے بھی ایسا ہی کیا ہے۔”

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صحافی مہوش اعجاز نے ابصا کومل کے پروگرام پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔

ایک ٹوئٹر صارف شاہ خالد محمد نے پیغام شیئر کرتے ہوئے ابصا کومل کو سہیل شاہین سے شادی تک کا مشورہ دے دیا ہے۔

ہم نیوز کے مارننگ شو کی میزبان شفاء یوسفزئی نے ابصا کومل کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ابصا آپ کھڑی رہیں، جو لوگ آپ پر تنقید کررہے ہیں انہیں خواتین کی ترقی پسند ہی نہیں ہے۔

واضح رہے کہ اس قبل جیو نیوز کے پروگرام جرگہ کے میزبان سلیم صافی کو بھی تحریک طالبان افغانستان سہیل شاہین کا انٹرویو کرنے پر شدید تنقید کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

متعلقہ تحاریر