الخدمت کی طرف سے قربانی کا خصوصی اہتمام

کراچی کے شہری فلاحی کاموں کے ساتھ قربانی میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ کراچی میں واقع الخدمت سینٹر کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ الخدمت سینٹر میں لوگوں کی آسانی کے لیے کم قیمت پر جانوروں کی قربانی کا اہتمام کیا جاتا ہے جہاں لوگ اپنا حصہ ڈال کر اہم فریضہ سرانجام دیتے ہیں۔

نیوز 360 کے نامہ نگار عبدالقادر منگریو سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے الخدمت کے ڈائریکٹر سید صدر الدین شاہ نے کہا کہ وہ ایک عرصے سے لوگوں کی آسانی کے لیے کم قیمت میں جانوروں کی قربانی کا اہتمام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہری الخدمت پر بھروسہ کرتے ہوئے قربانی کے لیے اپنا حصہ ڈالتے ہیں، جو لوگ قربانی کرنے کی حیثیت نہیں رکھتے وہ ان کے لیے بغیر کسی رقم کے قربانی کا اہتمام کرتے ہیں تا کہ زیادہ سے زیادہ غریب لوگوں تک قربانی کا گوشت پہنچایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیے

عید قرباں سے قبل عوام کی معاشی قربانی

ڈائریکٹر الخدمت کا کہنا تھا کہ قربانی کا گوشت مختلف علاقوں میں مستحقین تک پہنچایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ لوگ برما، فلسطین اور شام  کے شہریوں کے لیے بھی قربانی کا کہتے ہیں جس پر وہ ان ممالک میں بھی قربانی کا اہتمام کرواتے ہیں۔

سید صدر الدین شاہ نے کہا کہ  الخدمت سینٹر پر قربانی کی لاکھوں کھالیں جمع ہوتی ہیں جن سے ہونے والی آمدنی دوسرے فلاحی کاموں پر خرچ کی جاتی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ قربانی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تا کہ غریب مسلمانوں تک قربانی کا گوشت پہنچایا جا سکے۔

متعلقہ تحاریر