ملک بھر سے لوگوں نے عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ کی اجتماعی قربانی میں حصہ ڈالا،ریحان یاسین

عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ کے  ڈائریکٹر ریحان یاسین نے نیوز 360 سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ ٹرسٹ پچھلے 28 سالوں سے اجتماعی قربانی کا اہتمام کررہا ہے۔ رواں سال بھی ملک بھر سے متعدد لوگوں نے قربانی کے لیے اپنے حصے ڈالے ہیں۔

نیوز 360 سے گفتگو میں ریحان یاسین نے کہا کہ کراچی میں متعدد لوگوں نے عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ کی اجتماعی قربانی میں اپنے حصے ڈالے۔ قربانی کے بعد گوشت کے حصے لوگوں کی مرضی کے مطابق تقسیم کیے جاتے ہیں۔ لوگ چاہیں تو گوشت غریبوں میں تقسیم کرنے کو کہہ دیں یا چاہیں تو اپنے ساتھ پیک کراکے لے جائیں۔ ریحان یاسین کے مطابق پاکستان کے تقریباً 26 سے 27 شہروں میں عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ کے نمائندگان موجود ہیں۔ ان تمام شہروں میں ہر سال ٹرسٹ کی جانب سے اجتماعی قربانی کا اہتمام کیا جاتا ہے اور گوشت وہیں کے شہریوں میں تقسیم کردیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

عید سے قبل بارشیں، ماہرین نے خبردار کردیا

ریحان یاسین نے نمائندہ نیوز 360 کو بتایا کہ عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ کے ذریعے غریب اور بے سہارا افراد کا علاج کرایا جاتا ہے ۔ اسپتالوں کے بل ادا کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹرسٹ کی طرف سے کیش کی صورت میں مدد نہیں کی جاتی۔ تعلیم کے حوالے سے ٹرسٹ غریب بچوں کی مدد کرتا ہے۔ بچوں کی سالانہ فیس اور کورس مہیا کیا جاتا ہے۔ یتیم بچیوں کی شادی پر بھی عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ اپنی خدمات پیش کرتا ہے۔

Facebook Comments Box