کراچی ٹریفک پولیس کا مانیٹرنگ سیل قائم

مانیٹرنگ سیل کا عملہ شہر کے 193 مقامات پر نصب کیمروں سے نگرانی کرتا ہے۔

مون سون بارشوں کے دوران کراچی میں ٹریفک جام سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے  پولیس نے خصوصی تیاری کرتے ہوئے سینٹرلائزڈ مانیٹرنگ سیل قائم کردیا ہے۔

کراچی میں بارشوں کے دوران سڑکوں پر ٹریفک جام کی صورتحال سے کس طرح نبرد آزما ہونا ہے؟ ٹریفک پولیس نے پیشگی تیاری کرتے ہوئے خصوصی مانیٹرنگ سیل قائم کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق  مون سون مانٹیرنگ سیل نہ صرف شہر میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو مانیٹر کرتا ہے بلکہ ٹریفک جام کا سبب بننے والے عوامل کی نشاندہی کرکے ان کے سدباب کے اقدامات بھی کیے جاتے ہیں۔

حکام کے مطابق مانیٹرنگ سیل میں موجود عملہ دن رات شہر کے 193 مقامات پر نصب کیمروں سے نگرانی کرتا ہے۔ ہر مقام پر 5 کیمرے نصب ہیں جن میں سے 4 کیمرے فکس جبکہ ایک کیمرہ 360 ڈگری پر گھوم کر اطراف کی صورتحال دیکھنے میں معاونت کرتا ہے۔ صرف یہی نہیں مانیٹرنگ سیل نکاسی آب، غیر قانونی پارکنگ اور تجاوزات سمیت دیگر مسائل کی نشاندہی کے ساتھ بذریعہ وائرلیس اور ٹیلی فون کال متعلقہ حکام سے رابطے بھی کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی پولیس شہریوں کی گاڑیوں کی مرمت کرئے گی

مانیٹرنگ سیل کا عملہ 24 گھنٹے کے دوران 3 شفٹس میں فرائض انجام دے رہا ہے۔ شہر کے ہر ضلعے کی نگرانی کے لیے علیحدہ ڈیسک اور نمائندہ مختص ہے تاکہ ٹریفک کا نظام خوش اسلوبی سے سنبھالا جاسکے۔

ٹریفک پولیس حکام پرامید ہیں کہ مانیٹرنگ سیل کے قیام اور دیگر اقدامات سے بارشوں کے دوران سڑکوں پر ٹریفک کی روانی ماضی کے مقابلے میں بہتر رہے گی اور شہری زحمت اٹھانے سے بچ جائیں گے۔

متعلقہ تحاریر