پاکستان تحریک انصاف کی نظریں سندھ پر مرکوز
وزیراعظم عمران خان جلد سندھ کا دورہ کریں گے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں کامیابی کے بعد اپنی نظریں سندھ پر مرکوز کرلی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے سندھ کے پارٹی رہنماؤں اور گورنر عمران اسماعیل کو اسلام آباد طلب کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم جلد کراچی بھی آئیں گے۔
آزاد کشمیر کے انتخابات میں واضح اکثریت سے کامیابی کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی اب سوائے سندھ کے پورے ملک میں حکومت قائم ہوگئی ہے۔ پی ٹی آئی قیادت نے سندھ میں اپنا پنجہ گاڑھنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سندھ اسٹریٹجی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سندھ کی سیاسی صورتحال اور انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعظم نے سندھ کے پارٹی رہنماؤں کو مزید فعال انداز میں کام کرنے کی ہدایات دیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے سندھ کے رہنماؤں اور گورنرعمران اسماعیل کو اسلام آباد طلب کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد وزیراعظم عمران خان سندھ کا دورہ کریں گے، جہاں وہ مختلف علاقوں میں تقاریب سے خطاب کریں گے۔ وزیراعظم سندھ میں سیاسی و سماجی رہنماؤں، وکلا اور سندھ کے دانشوروں سے بھی رابطہ کریں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے پیپلزپارٹی کو ہر جگہ شکست دلوائی ہے۔ 2023 کے انتخابات میں پیپلزپارٹی کا سندھ میں بھی وہی حال ہوگا جو ابھی کشمیر میں ہوا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ میں لکھا کہ پیپلزپارٹی کا سندھ میں یہ آخری دور ہے۔
پاکستان اور گلگت کی طرح آزاد کشمیر کے عوام نے بھی خاندانی سیاست کو مسترد کیا ہے۔ کل آصف زرداری کی سالگرہ پر بلاول نے پیپلز پارٹی جو چاروں صوبوں کی جماعت تھی کو کشمیر میں بھی شکست کا تحفہ دیا ہے۔ انشاءاللہ 2023 کے انتخابات میں سندھ سے بھی پیپلز پارٹی کا صفایا ہوگا۔@fawadchaudhry pic.twitter.com/dLI2BsoOeF
— Fawad Chaudhry (Updates) (@FawadPTIUpdates) July 26, 2021
یہ بھی پڑھیے
وزیراعظم عمران خان کے ٹوئٹر فالوورز کی تعداد 14 ملین ہوگئی
پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے ٹوئٹر پر لکھا کہ عمران خان اب سندھ کو بھی کرپٹ مافیا سے نجات دلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہائیوں سے سندھ میں مسلط پیپلزپارٹی کی حکومت نے عوام کے لیے کچھ بھی نہیں کیا، اب سندھ میں پی ٹی آئی کو مضبوط کیا جائے گا۔
انشاء اللہ عمران خان اب سندھ کو بھی کرپٹ مافیا سے نجات دلائیں گے-دہائیوں سے مسلط سندھ میں پی پی پی کی حکومت نے عوام کیلیےکچھ بھی نہیں کیا-سندھ میں پی ٹی آئی کو مضبوط کیا جائیگا،عوامی امنگوں کے مطابق سندھ کےحقوق کے لیےاقدامات کیےجائینگے-سندھ کی عوام ماضی کی حکومتوں سے تنگ آچکے ہیں
— Faisal Javed Khan (@FaisalJavedKhan) July 26, 2021
سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے بعد اب وہ سندھ میں بھی حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئے ہیں۔ انہوں نے سندھ کے عوام کو جلد کرپٹ حکمرانوں سے نجات دلوانے کا دعویٰ کیا۔