کراچی میں کرونا کا چڑھتا پارا، عوام لاپرواہ

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں کرونا کیسز کی شرح 26اعشاریہ 32 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

کرونا وائرس کی خطرناک صورتحال کے پیش نظر سندھ حکومت نے صوبے بھر میں اور خصوصی کراچی میں لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔ سندھ بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے متاثرہ 20 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، جن میں زیادہ تر کا تعلق کراچی سے ہے۔

حکومت کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق کراچی میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 30 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے، عیدالاضحیٰ کے موقع میں عوام کی جانب سے ایس او پیز کی صریحاً خلاف ورزیوں سے وائرس کے پھیلاؤ میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

مفت کرونا ویکسین کی فروخت کا انکشاف

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے بیان کے مطاق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں 18 ہزار 737 نمونوں کے ٹیسٹ کیے گئے جس کے نتیجے میں 2 ہزار 517 نئے کرونا کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ان کیسز کی شرح 12.7 فیصد رہی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کے بیان کے مطابق کراچی میں کرونا کیسز کی شرح 26.32 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے۔

سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ 20 جولائی کو کراچی میں کرونا کیسز کی شرح 20 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی، 21 جولائی کو یہ شرح بڑھ کر 23 فیصد ہو گئی تھی۔ 22 جولائی کو یہ شرح 21 اعشاریہ 54 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔ 24 جولائی کو یہ 23 اعشاریہ 46 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔ 25 کو 24 اعشاریہ 82 فیصد اور 26 جولائی کو 26 اعشاریہ 32 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔

مراد علی شاہ کے مطابق شہر کا مشرقی ضلع سب سے زیادہ متاثر ہوا کیونکہ وہاں سے 645 کیس سامنے آئے ہیں جس کے بعد جنوب میں 372 ، وسطی میں 357 ، کورنگی میں 346 ، ملیر میں 200 اور مغربی ضلع میں 69 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں 7 ہزار 783 نمونوں کی جانچ کی گئی جس کے نتیجے میں 1 ہزار 932 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ کیسز میں اضافے کے سبب اسپتالوں میں کرونا کے لیے مختص کیے گئے وارڈز میں جگہ ختم ہو گئی ہے۔ میٹرو شہر کے مختلف سرکاری اور نجی اسپتالوں میں 970 سے زیادہ مریض وینٹیلیٹر پر ہیں۔

حکومت سندھ نے نئے مریضوں کی آمد سے نمٹنے کے لئے آکسیجن کے نئے ٹینک بھی لگا دیے ہیں۔ اس سلسلے میں حکومت نجی شعبے کو آگے بڑھنے کی تاکید کی ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ نے کراچی کے نجی اسپتالوں کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای او) کے ساتھ ایک میٹنگ کی ہے ، میٹنگ میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ضرورت کے وقت حکومت سے لازمی رابطہ کیا جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ لوگوں کی بڑی تعداد مہنگے علاج کو اپنا نہیں سکتی اس لیے نجی اسپتالوں سے اپیل ہے وہ کیسز کا جائزہ لیں جہاں تک ممکن ہو مریضوں کو امداد فراہم کی جائے۔

محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ صوبے میں ویکسینیشن کی شرح انتہائی غیراطمینان بخش ہے ، عوام ویکسنیشن کے لیے محکمہ صحت کے مراکز سے رجوع نہیں کررہے ہیں۔

نیوز 360 کے نامہ نگار کے مطابق کراچی کے ایکسپو ویکسینیشن سینٹر کی انتظامیہ نے ویکسین کی خوراک کو ان افراد کے لیے محفوظ کرلیا ہے جنہوں نے دوسری خوراک حاصل کرنی ہے۔ تاہم ایکسپو سینٹر انتظامیہ کے مطابق ویکسین مزید کھیپ کل تک موصول ہو جائے گی۔

متعلقہ تحاریر