پشاور بی آر ٹی میں خواجہ سراؤں کے لیے نشستیں مختص

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسافر خواجہ سراؤں کے لیے مختص سیٹس پر بیٹھنے سے گریز کریں۔

خیبرپختونخوا حکومت نے بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) میں خواجہ سراؤں کے لیے خصوصی نشستیں مختص کردی ہیں۔ حکومت کے اس فیصلے کو شہریوں کی طرف سے سراہا جارہا ہے۔

ملک میں خواجہ سراؤں کے شناختی کارڈز بنانے اور سرکاری نوکریاں دینے کے بعد انہیں مزید سہولیات فراہم کرنے کے لیے اہم اقدامات کیے جارہے ہیں۔ پشاور میٹرو بس میں معذورافراد اور خواتین کے بعد خواجہ سراؤں کے لیے بھی خصوصی نشستیں مختص کردی گئی ہیں۔ میٹرو بس کے ترجمان محمد عمیر نے اپنے بیان میں کہا کہ خواجہ سرا ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں، انہیں بہتر سہولیات فراہم کرنا ہمارا فرض ہے۔

ترجمان ٹرانس پشاور کے مطابق بی آر ٹی کی ہر بس میں خواجہ سراؤں کے لیے 2 نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ خواجہ سراؤں کی نشستوں پر بیٹھنے سے گریز کریں۔ دوسری جانب شہریوں کی جانب سے حکومت کے اس اقدام کو سراہا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی میں ٹرانسپورٹ کے نظام کی بہتری میں حکومت ناکام

بی آر ٹی میں خواجہ سراؤں معذور افراد اور خواتین کے لیے پہلے سے ہی علیحدہ سیٹس موجود ہیں۔ صرف یہی نہیں ان کے لیے مخصوص ٹکٹ کاؤنٹر بھی قائم کیے گئے ہیں۔ پشاور میٹرو بس میں سفر کرنے والے شہریوں کو فری وائی فائی کی سہولت بھی میسر ہے۔

واضح رہے کہ پشاور میں ٹریفک کے مسائل کے حل کے لیے 2020 میں بی آر ٹی میٹرو بس کا آغاز کیا گیا۔

متعلقہ تحاریر