نالہ لئی میں طغیانی، ٹوئٹر صارفین کو عارف علوی،شیخ رشید کی یاد آگئی

صارفین نے سوشل میڈیا پر 2017 میں کراچی میں سیلابی صورتحال کے موقع پر صدر عارف علوی کی کشتی چلاتے ہوئے تصاویر شیئر کی ہیں۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں ریکارڈ بارش کے بعد نالہ لئی میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہوگئی۔ سوشل میڈیا صارفین نے ٹوئٹر کا سہارا لیتے ہوئے صدر پاکستان عارف علوی اور وزیر داخلہ شیخ رشید کی کشتی چلاتے ہوئے تصاویر شیئر کی ہیں۔  

وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی جاوید نایاب لغاری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صدر عارف علوی کی تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ لائف جیکٹ پہنے ہاتھ میں روئنگ پیڈل پکڑے کشتی میں بیٹھے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

وزیراعظم کا خواتین کے لباس سے متعلق بیان پر یوٹرن

جاوید نایاب لغاری نے لکھا ہے کہ ” صدر پاکستان عارف علوی صاحب ہنگامی بنیادوں پر کشتی لے کر نکل رہے ہیں۔ حلیم عادل نے ڈگڈگی بجانا شروع کردی۔ تھوڑی دیر میں اسلام آباد سے بارش کا پانی نکال دیا جائیگا۔”

ٹوئٹر کے ایک اور صارف سلمان اسکندر نے صدر عارف علوی کی ایک اور تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "بریکنگ نیوز: اسلام آباد میں سیلاب سے قبل صدر عارف علوی کی کشتی چوری ہو گئی ہے۔”

تاہم زیر نظر تصاویر 2017 کی ہیں، جب عارف علوی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایک کارکن تھے صدر پاکستان نہیں تھے۔ صدر عارف علوی نے اس وقت کراچی کے مختلف حصوں میں بارشوں اور سیلابی پانی میں پھنسے شہریوں کی مدد کرتے ہوئے انہیں محفوظ مقام پر پہنچایا تھا۔

دوسری جانب ٹوئٹر کے صارفین نے وزیر داخلہ شیخ رشید کی جھیل میں کشتی چلاتے ہوئے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے خوب ٹرولنگ کی ہے۔

داؤد صدیق نامی ٹوئٹر صارف نے وزیر داخلہ شیخ رشید کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "ٹھیک سے دکھائی نہیں دے رہا کہ غریب کشتی سے کھینچا جارہا ہے یا دھکیلا جارہا ہے۔ تاہم تندرست رہنے کے لیے وزیر داخلہ کا یہ خیال اچھا ہے، اس لیے انہیں کشتی کے ساتھ چھوڑ دیا جائے۔

ٹوئٹر صارف جاوید اقبال نے لکھا ہے کہ ” آپ آسانی سے تمام خرابیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے ایڈیٹنگ سافٹ ویئر کو سہارا لے کر کشتی کو تیزی سےچلا سکتے تھے۔

اے پلس نامی ٹوئٹر صارف نے طنز کے تیر چلاتے ہوئے لکھا ہے کہ "شیخ رشید کو کسی فلم کے سیکوئل میں اداکاری کا موقع دیا جاسکتا ہے۔”

واضح رہے کہ وزیر داخلہ شیخ رشید نے عیدالاضحیٰ کے دوسرے دن "فریڈم ہاؤس” کے دورے کے موقع پر کشتی چلانے کی ویڈیو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی تھی۔

متعلقہ تحاریر