آزاد کشمیر ، سیالکوٹ انتخابات:نواز شریف کا بیانیہ دم توڑ رہا ہے

چار دنوں کے دو انتخابات میں پے در پے شکست کے بعد مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کرونا میں مبتلا ہو گئی ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے لیے یہ ہفتہ بھاری چل رہا ہے۔ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں بدترین شکست اور سیالکوٹ کے انتخاب میں ہار کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کا بیانیہ دم توڑنے لگا ہے۔ 

آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) کے انتخابات میں بڑے پیمانے میں شکست کے بعد مسلم لیگ (ن) سیالکوٹ میں اپنی نشست پی پی 38 پر اپنی حریف جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے ہار گئی ہے۔ حلقہ پی پی 38 کی نشست مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری اختر سبحانی کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

وزیراعظم کا خواتین کے لباس سے متعلق بیان پر یوٹرن

پی ٹی آئی کے امیدوار احسن سلیم بریار نے مسلم لیگ (ن) کے چوہدری طارق سبحانی کو 6000 سے زائد ووٹوں سے شکست دے کر ان سے نشست چھین لی ہے۔

پی ٹی آئی کے امیدوار کو 62 ہزار 657 ووٹ پڑے ہیں جبکہ ن لیگ کے امیدوار نے 56 ہزار 353 ووٹ حاصل کیے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کو اس وقت ایک اور شدید دھچکا لگا جب ن لیگ کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔

اس بات کا اعلان پارٹی کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام پر کیا۔ انہوں نے لکھا ہے کہ ” مریم نواز کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔”

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے پی ٹی آئی کی جیت پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "میڈیا اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی نے کشمیر کے بعد سیالکوٹ کا میدان بھی مار لیا ہے”

وفاقی وزیر حماد اظہر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا ہے کہ ” جنہوں نے پاکستان مخالف بیانات دینے والوں کو اپنے ڈرائنگ روم میں بٹھایا انہیں سیالکوٹ کی عوام نے مسترد کردیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پی ٹی آئی کی جیت پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ عوام وزیراعظم عمران خان کی پالیسیز پر اعتماد کا اظہار کررہے ہیں۔

پی ٹی آئی کے سینئر رہنما عثمان ڈار نے کہا ہے کہ اب مسلم لیگ ن کو اپنی شکست تسلیم کرلینی چاہیے۔

دوسری جانب کشمیر میں بدترین شکست اور پھر سیالکوٹ میں ہار کے بعد سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے سابق وزیراعظم نواز شریف کا بیانیہ ووٹ کو عزت دو مسلم لیگ ن کو ووٹ نہیں دلوا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے 2013 میں یہ نشست مسلم لیگ (ن) نے واضح اکثریت سے جیتی تھی اور 2018 کے انتخابات میں بھی مرحوم چوہدری اختر سبحانی نے پی ٹی آئی کے امیدوار کو 13 ہزار کے بڑے فرق سے شکست دی تھی ۔

متعلقہ تحاریر