تحریک انصاف کے رہنما انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ
ایلیا شعیب کے مطابق احمد حسین ڈیہر کے سیاسی دباؤ کے باعث انہیں ان کی زمینوں کے کاغذات نہیں دیے جارہے۔
انصاف کا نعرہ لگانے والی حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے احمد حسین ڈیہر کی بھتیجی کو انصاف کے حصول کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لینا پڑگیا۔
ملتان سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی احمد حسین ڈیہر کی بھتیجی میڈیکل فرسٹ ایئر کی طالبہ ایلیا شعیب اقبال نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے اپنے پھوپھا اور دیگر 3 رشتہ داروں پر سنگین الزامات عائد کیے۔
ایلیا شعیب نے بتایا کہ ان کے والد کی وفات کے بعد سوتیلے بھائی اور چچا نے مل کر ان کے خاندان کو جھوٹے مقدموں میں پھنسایا، انہیں ان کی زمینوں کے کاغذات نہیں دیئے جارہے اور ایم این اے احمد حسین ڈیہر کے سیاسی دباؤ کی وجہ سے کوئی ایکشن نہیں لیا جارہا۔ ایلیا شعیب کے مطابق ان کے خاندان کو قتل کرنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں، یہی نہیں ان کے گھر کے باہر فائرنگ بھی کی جاتی ہے اور انہیں حق مانگنے سے روکا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
پنجاب یکساں نصاب تعلیم نافذ کرنے والا پہلا صوبہ
ایلیا شعیب کے مطابق ان کے پھوپھا احمد حسین ڈیہر مسجد میں دعا کرانے لے گئے اور کہا کہ وہ ہمیں حق دلائیں گے لیکن انہوں نے مسجد کا تقدس پامال کیا۔ ایلیا شعیب نے وزیراعظم پاکستان اور دیگر حکام سے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان اقتدار میں آنے سے پہلے سے ملک میں انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کرتے آئے ہیں۔ اب یہ ان کے لیے کڑا امتحان ہے کہ وہ اپنی پارٹی کے ایم این اے کے خلاف جاکر انصاف کا بول بالا کرتے ہیں یا نہیں۔