شاہ محمود قریشی کے بیان کی غلط انداز میں اشاعت

افغانستان میں داعش کو روکنے سے متعلق وزیرخارجہ کے بیان کو دی نیوز نے توڑ مروڑ کر پیش کیا

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے افغانستان میں داعش کو روکنے سے متعلق بیان کی پاکستانی میڈیا نے غلط انداز میں اشاعت کی، جس پر افغانستان کی نیوز ایجنسی پاکستان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کررہی ہے۔ وزارت خارجہ نے پاکستان پر لگنے والے تمام الزامات کو مسترد کردیا ہے۔

گزشتہ روز ملتان میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب افغانستان میں امن و امان کے قیام کے لیے پرامید ہیں۔ دہشتگرد تنظیم داعش کو روکنے کے لیے افغانستان میں موجود فریقین کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

شاہ محمود قریشی نے ماسکو کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عراق، شام اور لیبیا سے داعش کے جنگجو مبینہ طور پر دہشتگردی کے لیے افغانستان کا رخ کررہے ہیں۔ افغان حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ دہشتگردوں کو افغانستان میں داخل ہونے سے روکے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان، ایران، افغان حکومت اور طالبان سمیت خطے کے تمام ممالک افغانستان میں داعش کے پنپنے کے خلاف ہیں۔ اشرف غنی کو اپنے ملک میں داعش کے خلاف سخت اقدامات کرنا ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیے

بدزبان افغانیوں کو پاکستان کا پرخلوص پیغام

پاکستان کے انگریزی اخبار دی نیوز نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے داعش سے متعلق بیان کی غلط انداز میں اشاعت کی۔ اخبار نے شاہ محمود قریشی کے بیان کو افغان حکومت سے جوڑنے کے بجائے افغان طالبان کے ساتھ  ملا دیا جس پر افغانستان کی نیوز ایجنسی تولو پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے۔

تولو نیوز ایجنسی نے دی نیوز کی خبر کو بنیاد بنا کر پاکستان پر الزام عائد کیا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی افغان حکومت کے بجائے طالبان سے داعش کو روکنے کا مطالبہ کررہے ہیں، جو اقتدار پر قبضے کے لیے افغان حکومت کے خلاف کارروائیاں کرتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ دی نیوز کی انتظامیہ نے مبینہ سیاسی مخالفت میں شاہ محمود قریشی کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جس پر بیرونی میڈیا تنظیموں کو ملک کے خلاف بولنے کا موقع ملا ہے، ہمیں ذاتی مخالفت میں اتنی حد تک نہیں جانا چاہیے جس سے ملک کو نقصان ہو۔

دوسری جانب پاکستان کی وزارت خارجہ نے افغان نیوز ایجنسی کی خبر کو مسترد کردیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ شاہ محمود قریشی کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے۔

متعلقہ تحاریر