پی ٹی آئی رہنما نے کراچی میں لاک ڈاؤن کی دھجیاں اڑا دیں
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما نے تقریب میں 600 مہمانوں کو مدعو کیا تھا

کراچی میں لاک ڈاؤن کے باعث شادی ہالز میں تقریبات پر پابندی عائد ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی کے بیٹے کے ولیمے کی شاندار تقریب سجائی گئی۔
کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان راحت میں لاک ڈاؤن کے باوجود ایم این اے اسلم خان کے بیٹے کے ولیمے کی شاہانہ اور پرتعش تقریب منعقد کی گئی جس میں کرونا سے بچاؤ کے ایس او پیز کی دھجیاں اڑا دی گئیں۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما نے تقریب میں 600 مہمانوں کو مدعو کیا تھا۔ حیران کن بات تو یہ ہے کہ تقریب میں شرکت کے لیے آنے والے مہمانوں نے گھر کے قریب سڑک پر ہی پارکنگ کی لیکن اس کے باوجود اسلم خان کے گھر میں سجائی جانے والی تقریب کے حوالے سے ڈی ایچ اے انتظامیہ لاعلم رہی۔
Despite #Corona lockdown in #Sindh, reportedly #PTI MNA Aslam Khan’s son walima happening now in Khe Seher 27th street house no 98. 600 people invited. pic.twitter.com/paE4nE4xJN
— Asad Ali Toor (@AsadAToor) August 1, 2021
یہ بھی پڑھیے
شاہ محمود قریشی کے بیان کی غلط انداز میں اشاعت
کرونا ایس او پیز کی سنگین خلاف ورزی پر پولیس تقریب میں پہنچی لیکن محض سرزنش کرکے روانہ ہوگئی۔ ضلع جنوبی کے اسسٹنٹ کمشنر بھی ولیمے کی تقریب میں پہنچے مگر بغیر کسی کارروائی کے واپس چلے گئے۔
اسلم خان کے گھر پر تقریب منعقد کرنے کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے پہلے بھی 6 جون کو کراچی میں اسلم خان کے گھر پر شادی کی تقریب کا انعقاد کرکے حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کی جاچکی ہے۔
واضح رہے کہ سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن میں ہر قسم کی تقریبات پر پابندی لگارکھی ہے تاہم پی ٹی آئی رہنما نے تمام حکومتی احکامات کو ہوا میں اڑا دیا۔