سابق وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل کی ڈگری جعلی نکلی
رپورٹ کے مطابق شاہ نواز اسماعیل صرف مڈل پاس ہیں۔

سینئر وکیل کی حیثیت سے متعدد انتخابات لڑنے والے سابق وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل شاہ نواز اسماعیل کی وکالت کی ڈگری جعلی نکلی۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
ملک میں سیاستدانوں اور بیوروکریٹس کی جعلی ڈگریوں کی خبریں اکثر اخباروں کی شہ سرخیاں بنتی ہیں۔ اس مرتبہ پنجاب کے سینئر وکیل اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہ نواز اسماعیل کی وکالت کی ڈگری جعلی ثابت ہوئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عرصہ دراز سے سینئر وکیل بن کر الیکشن لڑنے والے شاہ نواز اسماعیل گجر کی قانون کی ڈگری ہی جعلی نہیں بلکہ یہ بھی انکشاف ہوا کہ وہ صرف مڈل پاس ہیں۔ سینئر وکیل نے مڈل کے بعد کی تمام اسناد جعلی بنائی ہوئی تھیں۔ شاہ نواز اسماعیل پاکستان مسلم لیگ ن کی طرف سے شاہدرہ کے چیئرمین بھی رہ چکے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما سابق وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل2020 شاہ نواز اسماعیل گجر مڈل پاس نکلا، عرصہ دراز سے سینئر وکیل اور ن لیگ لائرز فورم کی جانب سے متعدد الیکشن لڑنے والے کی لاء کی ڈگری بھی جعلی نکلی۔ یہ مسلم لیگ ن سے شاہدرہ کا سابقہ چیئرمین بھی رہ چکا ہے۔@MemonaMushtaq pic.twitter.com/B7V83Q5TYk
— محمد نثار (@_Ni_s) August 1, 2021
یہ بھی پڑھیے
جعلی ڈگریوں پر پنجاب بار کے 15منتخب ارکان کے لائسنس معطل
ایڈیشنل سیکرٹری پنجاب بار کونسل رفاقت علی نے سابق وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل شاہ نواز اسماعیل کے خلاف لاہور کے سول لائنز تھانے میں مقدمہ درج کروادیا ہے۔ پولیس نے مقدمے میں جعل سازی اور فراڈ کی متعدد دفعات شامل کی ہیں۔
لاہور کے وکلاء اور سیاسی و سماجی شخصیات نے جعلی ڈگری رکھ کر ملکی آئین کی خلاف ورزی کرنے والے وکیل شاہ نواز اسماعیل کے خلاف وزارت قانون سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔