ہر چند ماہ بعد نیوز چینل تبدیل کرنے والی ثناء بچہ اب 24 نیوز پر

اینکر پرسن مختلف نیوز چینلز کو تبدیل کرنے کا کوئی ریکارڈ بنا رہی ہیں۔

ہر چند ماہ بعد ایک نیوز چینل کو چھوڑ کر دوسرے چینل کو جوائن کرنے والی معروف اینکر پرسن ثناء بچہ 24 نیوز کا حصہ بن گئی ہیں۔ "گونج بچا کھچا سچ” کے عنوان سے ہونے والا پروگرام کل جمعرات سے ہفتہ رات 8 بجکر 3 منٹ پر آن ایئر ہوگا۔

24 نیوز کو جوائن کرنے کے بعد ثناء بچہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پروگرام کا پرومو شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ "شاید ہم بھی پورا سچ بتانے کا دعویٰ نہ کرسکیں۔ لیکن طاقت کے ایوانوں میں اور عوام کے ذہنوں میں اٹھتے سوالوں کی گونج میں ہم تلاش کریں گے بچا کچا سچ۔”

یہ بھی پڑھیے

جشن آزادی پاکستان کرونا کی نذر؟

ثناء بچہ نے اپنے کیریئر کا آغاز 2011 میں جیو نیوز کے انگریزی کے بلیٹن سے بطور پروڈیوسر شروع کیا تھا، بعد ازاں انہوں نے جیو نیوز اردو پر بطور اینکر پرسن "لیکن” کے عنوان سے پروگرام کی میزبانی شروع کی۔ 2012 میں موجودہ ایم این اے عامر لیاقت حسین کو جیو نیوز کا صدر بنانے پر احتجاج کرتے ہوئے انہوں نے چینل سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ 15 اگست 2013 میں انہوں نے جیو نیوز کو دوبارہ جوائن کرلیا تھا تاہم عامر لیاقت حسین کی جانب سے ایک پروگرام کی میزبانی کرنے پر ثناء بچہ نے دوبارہ جیو نیوز سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

جیو کے بعد ثناء بچہ نے دنیا نیوز کو اپنا مسکن بناتے ہوئے پروگرام "یقین” سے دوبارہ عملی زندگی کا آغاز کیا۔ لیکن یہاں بھی ان کا یقین اختتام پذیر ہو گیا انہوں نے کچھ عرصے بعد ہی دنیا نیوز کو خیرباد کہہ دیا۔

دنیا نیوز سے استعفے کے بعد ثناء بچہ نے شوبز انڈسٹری میں قدم رکھتے ہوئے فلم "یلغار” میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے تاہم فلم کی ناکامی کے بعد انہوں نے شوبز انڈسٹری سے بھی علیحدگی اختیار کرلی تھی۔

فلم انڈسٹری میں ناکامی کے بعد ایک عرصے تک گمنامی کی زندگی گزارنے کے بعد ثناء بچہ نے پبلک نیوز کو جوائن کرلیا تھا مگر چند ماہ بعد انتظامیہ سے ذاتی اختلافات کی وجہ سے وہاں سے بھی استعفیٰ دے دیا۔

2020 میں اینکر پرسن نے آج نیوز کو جوائن کیا تھا۔ اور "دس” کے نام سے پروگرام کی میزبانی کی تھی تاہم یہاں بھی ان کا سفر تقریباً چھ ماہ میں اختتام پذیر ہوگیا تھا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ثناء بچہ اور 24 نیوز کا ساتھ کتنا رہتا ہے۔؟

متعلقہ تحاریر