سٹی 21 نیوز کی سی ایم ہاؤس کراچی میں افتتاحی تقریب پر تنقید

عوامی مقامات پر تقریب نہ ہونے پر شہری چینل کی ساکھ پر سوالات اٹھارہے ہیں۔

وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں نجی ٹی وی چینل سٹی 21 نیوز کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ روایات سے ہٹ کر سی ایم ہاؤس میں ایک ٹی وی چینل کی افتتاحی تقریب منعقد کرنے پر شہری حکومت اور میڈیا مالک کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

ٹی وی چینلز سمیت کسی بھی بڑے ادارے کی افتتاحی تقریب عام طور پر عوامی مقام پر منعقد کی جاتی ہے لیکن سٹی 21 نیوز کی انتظامیہ نے نئی روایت قائم کرتے ہوئے چینلز کی لانچنگ وزیراعلیٰ کے سرکاری ہاؤس میں منعقد کی۔

24 نیوز کے نئے چینل سٹی 21 نیوز کی افتتاحی تقریب میں چینل کے نمائندوں اور عملے کے بجائے سندھ کابینہ کے ممبرز نے شرکت کی۔ تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ نے چینل کا افتتاح کرکے نشریات کا آغاز کیا۔

سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ 24 نیوز چینل کے مالکان کے پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت سے قریبی تعلقات ہیں اور اسی بنیاد پر انہوں نے کراچی سے شروع ہونے والے نئے نیوز چینل کی لانچنگ سی ایم ہاؤس میں منعقد کروائی۔

یہ بھی پڑھیے

جیو نیوز کو اپنی سینسر پالیسی واضح کرنے کی ضرورت

شہریوں کا کہنا ہے کہ نیوز چینل کے مالکان کو افتتاحی تقریب وزیراعلیٰ ہاؤس کے بجائے مزار قائد، فرئیر ہال یا کسی پارک وغیرہ میں منعقد کروانی چاہیے تھی۔ سوشل میڈیا صارفین نے سوال اٹھایا کہ جب اعلیٰ شخصیت کے دفتر میں چینل کا افتتاح ہوا تو کیا ان کے خلاف چینل پر کوئی خبر نشر ہوسکتی ہے؟

دوسری جانب ذرائع نے نیوز 360 کو بتایا کہ پیپلزپارٹی کے رہنما اور ممبر صوبائی اسمبلی کے سندھی نیوز چینل دھرتی ٹی وی اور 24 نیوز کا آپس میں معاہدہ بھی ہوا ہے جس کے تحت اینکر پرسن ثناء بچہ کراچی سے دھرتی ٹی وی کے اسٹوڈیو سے ہی 24 نیوز کے لیے پروگرام کریں گی۔

متعلقہ تحاریر