مفلس ماں بچوں سمیت پل کے نیچے زندگی بسر کرنے پر مجبور

خاتون  کے مطابق وہ اپنے شوہر کو ڈھونڈنے اور بچوں کا پیٹ پالنے کے لیے باجوڑ سے پشاور پہنچی ہیں

پشاور میں ایک خاتون اپنے چار معصوم بچوں کے ہمراہ پل کے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ خاتون کا کہنا ہے کہ اس  کا شوہر نشے کا عادی ہے اور وہ اپنے بچوں کا پیٹ پالنے کے لیے باجوڑ سے پشاور پہنچی ہے۔

ملک میں غربت اور بےروزگاری میں اضافے کے باعث لاکھوں افراد ایک وقت کا کھانا بھی نہیں کھا پاتے، پینے کے لیے صاف پانی اور رہنے کو گھر نہ ہونے کے سبب پاکستان کے مختلف شہروں میں لوگ فٹ پاتھ پر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

ایسا ہی ایک خاندان پشاور کے علاقے ہشنگری میں واقع پل کے نیچے مفلسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہے، پچھلے کئی دنوں سے  خاتون کا اپنے 4 معصوم بچوں کے ساتھ پل کے نیچے قیام ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پشاور میں سرکاری ملازمین کی عجب ہوشیاری کی غضب کہانی

خاتون کا کہنا ہے کہ اس کا شوہر نشہ کرتا ہے اور وہ نشے کے لیے پشاور آیا ہے۔ خاتون  کے مطابق وہ اپنے شوہر کو ڈھونڈنے اور بچوں کا پیٹ پالنے کے لیے باجوڑ سے پشاور پہنچی ہیں۔ خاتون نے بتایا کہ وہ اپنے رشتہ داروں کے پاس گئیں لیکن کسی نے بھی انہیں رہنے کو جگہ نہیں دی۔

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ خاتون اپنے معصوم بچوں کے ساتھ مفلسی کی حالت میں بھوکی سوجایا کرتی تھیں مگر اب کچھ شہری انہیں کھانے پینے کی اشیاء دے جاتے ہیں۔  شہریوں کے مطابق پشاور کی انتظامیہ نے اس بات کا اب تک نوٹس نہیں لیا ہے۔

محکمہ سماجی بہبود کے حکام کا کہنا ہے کہ خاتون اور ان کے بچوں کو خوراک اور رہائش فراہم کرنے کا بندوبست کیا جارہا ہے۔

متعلقہ تحاریر