شپ یارڈ میں پہلے شپ لفٹ اینڈ ٹرانسفر سسٹم کی افتتاحی تقریب

شپ لفٹ اینڈ ٹرانسفر سسٹم بحری جہازوں کیلئے ڈاکنگ اور مرمت کی سہولت فراہم کرے گا۔

کراچی شپ یارڈ اور انجینئرنگ ورکس میں 7300 ٹن کی گنجائش کے حامل شپ لفٹ اور ٹرانسفر سسٹم کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی وزیراعظم عمران خان ۔چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزارت دفاعی پیداوار کے ماتحت اس تعمیری معاہدے پر دستخط ہوئے جبکہ اس کیلئے سرمایہ پلاننگ کمیشن آف پاکستان نےPSDP منصوبے کے طور پرمہیا کیا۔ شپ لفٹ اینڈ ٹرانسفر سسٹم 7300 ٹن وزنی بحری جہازوں کیلئے ڈاکنگ اور مرمت کی سہولت فراہم کرے گا۔ ایک وقت میں یہ 12 جہازوں کو جگہ فراہم کر سکتا ہے۔یہ کراچی شپ یارڈ اور انجینئرنگ ورکس کی پیداواری صلاحیتوں میں اضافہ کرے گا اور ملکی جہاز رانی کی صنعت کی بڑھتی ہوئی ضروریات کوبھی پورا کرے گا۔ اس سے جہازوں کی مرمت کے کام میں اضافہ ہوگا اور سرکاری اور نجی ادارے مستفید ہو سکیں گے۔

اس موقع پر معزز مہمان خصوصی نے کراچی شپ یارڈ، پاک بحریہ اور وزارت دفاعی پیداوار کو پاکستان میں ایسی جدید سہولت قائم کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اس جدید سہولت کے بعد اب کراچی شپ یارڈ بحری تناظر میں ایک قد آور حیثیت کا حامل ہو گا۔ وزیر اعظم نے اس سہولت کو قوم کیلئے 75ویں یوم آزادی پر ایک تحفہ قرار دیا۔

وزیر اعظم نے اس بات پر زوردیا کہ حکومت مقامی صنعت کو فروغ دینے کیلئے پر عزم ہے اور ملکی پانیوں میں جہاز رانی اور ماہی گیری کی ترقی کیلئے دوستانہ پالیسیوں پر کام ہو رہا ہے جس سے کراچی شپ یارڈ کے کاروبار میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سہولت صنعتی فروغ، استعداد میں اضافہ اور خود انحصاری کی جانب حکومتی کوششوں کا حقیقی ثبوت ہے۔ مجھے یقین ہے کہ مستقبل میں ترقی کا یہ سفر جاری رہے گا اور غربت کے خاتمے اور سرمایہ کاری سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنے کیلئے اس سہولت کو پوری طرح استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس منصوبے کوایک انقلاب کے پیش خیمہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا جس کیلئے حکومت بحری شعبہ میں کوششیں کر رہی ہے۔

عمران خان

اس سے قبل منیجنگ ڈائرکٹر کراچی شپ یارڈ اور انجینئرنگ ورکس رئیر ایڈمرل اطہر سلیم نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ اس منصوبے سے کراچی شپ یارڈ میں جہازوں کی مرمت کی موجودہ سہولیات اور استعداد میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یہ نظام سابقہ ڈاکنگ ٹیکنالوجی کے مقابلے میں ایک جدید سسٹم ہے جس کے تحت ایک وقت میں صرف ایک جہاز کورکھا اور مرمت کیا جا سکتاہے۔ اس سہولت کے فوائد یہ ہیں کہ اس سے جہاز کو سمندر کی سطح سے اٹھا کر کسی بھی مرمتی اسٹیشن پر منتقل کی جاسکتا ہے اور پلیٹ فارم فوری طور پر اگلے جہاز کو اٹھانے / پانی میں اتارنے کیلئے دستیاب ہو سکتا ہے جس سے پیداواری صلاحیت میں تیزی سے اضافہ ہوگا۔ اس سے کراچی شپ یارڈ کی کارکردگی میں نمایاں اضافہ ہوگا اور مزیدٹیکس جمع کرائے جا سکیں گے اور روزگار کے مزید مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

متعلقہ تحاریر