اقلیتوں کے حقوق کا دن، حکومت کا ہندو برادری کو تحفہ

ڈاکٹر رمیش کمار نے رحیم یارخان کے مندر کی بحالی کے بعد افتتاح کردیا۔

پاکستان میں آج اقلیتوں کے حقوق کا دن منایا جارہا ہے۔ اس دن کی مناسبت سے وفاقی حکومت نے رحیم یار خان کے مندر کو بحال کردیا ہے۔ پاکستان ہندو کونسل کے چیئرمین رمیش کمار نے مندر کا افتتاح کیا۔

پاکستان میں 11 اگست کا دن ہر سال قائد اعظم محمد علی جناح کے ویژن کو یاد کرتے ہوئے منایا جاتا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد نئے عزم  کے ساتھ تمام اقلیتوں کو ساتھ لے  کر قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہے۔

وفاقی حکومت نے آج کے دن ملک کی سب سے بڑی ہندو اقلیتی برادری کے لیے اقدامات اٹھاتے ہوئے رحیم یار خان میں بےحرمتی کے بعد توڑے گئے مندر کو بحال کردیا ہے۔ تحریک انصاف کے ایم این اے اور پاکستان ہندو کونسل کے چیئرمین رمیش کمار نے مندر کا افتتاح کیا۔

یہ بھی پڑھیے

کہیں اقلیتوں کو خراج عقیدت تو کہیں مندر میں آگ

ڈاکٹر رمیش کمار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ شرپسند عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملوث عناصر اپنے فعل پر شرمسار ہوتے ہیں اور معافی کے طلبگار ہیں تو وہ بھی انہیں معاف کردیں گے۔  ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کے دن پر مندر کی بحالی ہمارے لیے لائق فخر ہے۔

پنجاب پولیس نے مندر کی بے حرمتی میں ملوث متعدد ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔

واضح رہے کہ کچھ دن قبل پنجاب کے علاقے رحیم یار خان میں شرپسند عناصر نے مندر کی بے حرمتی کرتے ہوئے توڑ پھوڑ کی تھی۔ اس افسوس ناک واقعے کا سپریم کورٹ نے نوٹس لیا تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے ملزمان کی جلد گرفتاری اور مندر کی بحالی کا حکم دیا تھا۔

Facebook Comments Box